کابینہ نے کورونا اخراجات میں بے ضابطگیوں کی رپورٹ مسترد کردی
- بدھ 01 / دسمبر / 2021
- 3940
وفاقی کابینہ نے حال ہی میں جاری ہونے والی آڈٹ رپورٹ مسترد کردی جس میں کووڈ 19 کے اخراجات، ویکسی نیشن کے عمل اور احساس ریلیف پروگرام میں اربوں روپے کی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔
کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں ہوا جس میں انہوں نے کفایت شعاری کو یقینی بنانے کے لیے کابینہ اراکین کے بیرونِ ملک سفر پر پابندی لگادی۔ اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بتایا کہ کابینہ نے کووڈ 19 کے اخراجات سے متعلق آڈٹ رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے تین متعلقہ اداروں سے کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے اپنی پریزنٹیشن دیں۔
وزارت خزانہ کی جانب سے ’کووڈ 19 پر وفاقی حکومت کے اخراجات‘ کے عنوان سے جاری ایک رپورٹ میں 5 اشیائے ضروریہ چینی، گندم کا آٹا، خوردنی تیل و گھی، دالیں اور چاول کی رعایتی نرخوں میں یوٹیلٹی اسٹورز پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے کی گئی مداخلت میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزارت خزانہ پہلے ہی آڈٹ رپورٹ کو مسترد کرچکی ہے اور احساس پروگرام کی انچارج و وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بھی اپنے ادارے کی پوزیشن واضح کردی ہے۔
ملک میں جاری گیس کی قلت کے بارے میں وفاقی وزیر نے خبردار کیا کہ ملک میں گیس کی ذخائر کم ہو رہے ہیں اور ہم نے کوئی نیا ذخیرہ دریافت نہیں کیا ہے۔ گیس کے مقامی ذخائر کے ختم ہونے اور کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔