کرپشن کے خاتمے کی پالیسی سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے: وزیراعظم
- جمعرات 02 / دسمبر / 2021
- 3640
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپشن کے خاتمے کی پالیسی سے کسی صورت پیچھے نہ ہٹیں گے، جو کوئی کرپشن کے معاملات پر مٹی ڈالنے کی کوشش کرے مجھے بتائیں۔
وزیر اعظم عمران خان سے پبلک اکاونٹس کمیٹی کے حکومتی ارکان نے ملاقات کی، جس میں ریاض فتیانہ اور نور عالم خان نے پی اے سی کی کارکردگی سے متعلق وزیراعظم کو بتایا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومتوں میں ہونے والی بے ضابطگیوں سے متعلق تیاری کے ساتھ اجلاس میں جائیں، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی عوام کے ٹیکس کے پیسے کا محافظ فورم ہے،لیکن اس میں کرپشن کی نشاندہی کے مؤثر نتائج سامنے نہیں آئے۔
کمیٹی ارکان کا کہنا تھا کہ پبلک اکاونٹس کمیٹی صرف آڈٹ پیراز کو دیکھتی ہے، ایف آئی اے اور نیب جیسے اداروں کی کمزوری کے باعث کرپشن کیسز منطقی انجام کو نہیں پہنچتے۔ وزیراعظم نے کمیٹی ارکان کو پی اے سی اجلاسوں میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن رہنما اپنے دور میں ہونے والی بے ضابطگیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں، آپ لوگوں کا بہت اہم کردار ہے، زیادہ فعال اور حکومتی اقدامات کو زیادہ اجاگر کرنے میں کردار ادا کریں۔
عمران خا کا کہنا تھا کہ آپ سب سینیئر سیاستدان ہیں آپ سے کرپشن سے متعلق کیسز کو ہائی لائٹ کرنے کی توقع ہے، سابقہ حکومت کی کرپشن کے کیسز کو منظر عام پر لایا جائے، موجودہ دور حکومت کی کرپشن کو بھی بے نقاب کریں۔ کرپشن کو سپورٹ کرنے والے کسی سے رعایت نہ برتی جائے۔ جو کوئی کرپشن کے معاملات پر مٹی ڈالنے کی کوشش کرے مجھے بتائیں، کرپشن کے خاتمے کی پالیسی سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے، کرپشن کرنے والا جو کوئی بھی ہے قانون کی گرفت میں لائیں۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت احساس راشن پروگرام سے متعلق اجلاس ہوا۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر، مشیر خزانہ شوکت فیاض ترین، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید، ڈاکٹر شہباز گل اور متعلقہ سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کے فیصلے کرپشن پر مبنی ہوتے ہیں، موجودہ حکومت کی کرپشن پر چیئرمین نیب بھی خاموش ہیں لیکن ایک دن آئے گا کہ ان کی کرپشن دنیا کے سامنے آئے گی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ان کی حکومت کی واحد کامیابی یہ ہے کہ انہوں نے دنیا کے 200 ممالک میں مہنگائی میں ملک کو تیسرے نمبر پر لاکھڑا کیا ہے اور جب تک یہ جائیں گے اس وقت تک ملک میں مہنگائی کی سطح پہلے نمبر پر پہنچ جائے گی۔ یہ ان کی واحد کامیابی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے ملک کو تباہ کردیا اور ان کا کوئی وزیر یہ بتانے کو تیار نہیں ہے کہ اس ملک میں مہنگائی کی کیا وجوہات ہیں۔ ہر وہ شخص جس سے عوام نہیں جانتے وہ اس حکومت کا ترجمان ہے اور یہ حکومت سے اپوزیشن کو برا بھلا کہنے اور جھوٹ کے لیے پیسے لیتے ہیں۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا اب گالی گلوچ اور جھوٹ سے کام نہیں چلے گا اور نہ ہی مسائل حل ہوں گے، پاکستان کے مسائل کوشش کرنے سے حل ہوسکتے ہیں اور اس کا صرف ایک راستہ ہے کہ ملک میں شفاف اور فوری انتخابات کروائے جائیں۔
انہوں نے کہا حکومت کو عوام کے سامنے اپنی ناکامی تسلیم کرنی چاہیے۔ ملک میں اجناس کی قیمت میں بیش بہا اضافہ ہوا ہے یہ اضافہ صرف پاکستان میں ہے جبکہ خطے کے دوسرے ممالک میں نہیں ہے۔