یقین ہے عمران خان ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے: سری لنکن وزیراعظم
- ہفتہ 04 / دسمبر / 2021
- 3900
سری لنکا کے وزیر اعظم مہندا راجا پکسے نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کو قتل کرنے کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔
ایک ٹوئٹ میں مہندا راجا پکسے نے کہا کہ ’پاکستان میں انتہا پسند ہجوم کی جانب سے پریانتھا دیاودانا پر بہیمانہ اور جان لیوا حملے کے واقعے پر صدمہ پہنچا اور متاثرہ شخص کی اہلیہ اور خاندان کے غم میں شریک ہوں‘۔ سری لنکا اور اس کے عوام کو یقین ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے وعدے کو پورا کرتے ہوئے واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ’سیالکوٹ میں فیکٹری پر وحشت ناک حملہ اور سری لنکن منیجر کو زندہ جلانا پاکستان کے لیے ایک شرم ناک دن ہے’۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم نے سری لنکا سے تعلق رکھنے والے مقامی فیکٹری کے منیجر پر توہین مذہب کا الزام عائد کرتے ہوئے بہیمانہ تشدد کرکے قتل کیا اور ان کی لاش نذرِ آتش کردی تھی۔