سیالکوٹ واقعے نے ملک کو بدنام کیا ہے: مفتی تقی عثمانی

  • ہفتہ 04 / دسمبر / 2021
  • 5510

معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی نے سری لنکن مینیجر کی ہلاکت کے واقعے کو وحشیانہ اور حرام طریقہ قرار دیا ہے۔

گزشتہ روز سیالکوٹ کی فیکٹری کے ملازمین کی جانب سے منیجر پر تشدد کے نتیجے میں منیجرکی ہلاکت پر مفتی تقی عثمانی نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ توہين رسالت انتہائی سنگین جرم ہے لیکن اس کے ارتکاب کا ثبوت ضروری ہے۔ کسی پر یہ سنگین الزام لگا کر خود ہی اسے وحشیانہ اور حرام طریقے سے سزا دینے کاکوئی جواز نہیں۔ سیالکوٹ کے واقعے نےمسلمانوں کی بھونڈی تصویر دکھاکر ملک وملت کو بدنام کیا ہے۔

دوسری جانب رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی منیب الرحمٰن نے بھی واقعے کو ناخوشگوار قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ملک میں قانونی نظام موجود ہے اور قانون کو ہاتھ میں لینے کا جواز نہیں۔ اس واقعے سے دنیا میں پاکستان کے منفی تاثر نے جنم لیا ہے ویسے ہی کئی برسوں سے پاکستان پر ایف اے ٹی ایف تلوار لٹک رہی ہے۔

مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سانحہ سیالکوٹ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تشدد کرنے والا گروہ اور مذہبی جنونیت ملک کی سالمیت کے لیے خطرہ ہیں۔ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ دین اسلام اور وطن عزیز کے تشخص کو داغدار کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ،جرم و سزا کا تعین ریاست کی ذمہ داری ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ریاست بھی بلا تحقیق کسی کو سزا نہیں دے سکتی، ملزمان نے سنگین جرم کا ارتکاب کیا اگر ایسے واقعات کو طاقت کے ساتھ روکا نہ گیا تو ہم دنیا کا سامنا کرنے کے قابل نہیں رہیں گے۔