ناگا لینڈ میں بھارتی فوج نے دہشت گردی کے شبہ میں پندرہ شہری مار دیے
- اتوار 05 / دسمبر / 2021
- 3210
بھارت کی شمال مشرقی ریاست ناگالینڈ میں مبینہ شورش کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی ایک کارروائی میں کم از کم 15 عام شہری ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ ایک اہلکار بھی مارا گیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ شناخت میں غلطی کی وجہ سے پیش آیا۔ بھارت کے خبر رساں ادارے 'پریس ٹرسٹ آف انڈیا' (پی ٹی آئی) نے ناگالینڈ کے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہلاک شدگان کی اصل تعداد کا ابھی علم نہیں ہو سکا ہے۔ لیکن اس واقعے میں 11 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوئے ہیں۔
ایک اعلیٰ پولیس اہلکار کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کی شام ناگالینڈ کے ضلع مون کے اوٹنگ گاؤں میں پیش آیا۔ بھارت کے نشریاتی ادارے 'انڈیا ٹوڈے' نے ایک حکومتی اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ اوٹنگ گاؤں کے مزدوروں کا ایک گروپ کوئلے کی کان سے ایک وین میں واپس لوٹ رہا تھا کہ مبینہ طور پر سیکیورٹی فورسز نے ان پر فائرنگ کردی، جس سے وہ ہلاک ہو گئے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق جب کئی گھنٹے گزرنے کے بعد مزدور گھروں کو نہیں لوٹے تو گاؤں کے لوگوں نے ان کی تلاش شروع کی اور انہیں وین میں مزدوروں کی لاشیں ملیں۔ رپورٹس کے مطابق واقعے کے بعد گاؤں کے افراد مشتعل ہو گئے اور انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی دو گاڑیوں کو نذرِ آتش کر دیا۔
اطلاعات ہیں کہ اس وقت صورتِ حال قابو میں ہے اور پولیس جائے وقوع کا معائنہ کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں ضلع مون میں افواہوں کو روکنے کے لیے انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی ہے۔
ایک سیکیورٹی اہلکار کے مطابق شورش پسندوں کی سرگرمیوں کی اطلاع ملنے پر سیکیورٹی اہلکار ہفتے کی شام ایک بولیرو کار میں بیٹھ کر شورش پسندوں کا انتظار کر رہے تھے۔ اس دوران تاریکی تھی کہ اسی اثنا میں ایک کار نظر آئی جس پر سیکیورٹی فورسز نے اپنی کارروائی شروع کر دی۔
ناگالیںڈ کے وزیرِاعلیٰ نیفیو ریو نے بھی اس واقعے کی مذمت کی ہے اور عوام سے امن قائم رکھنے کی اپیل کی ہے۔ بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ یہ واقعہ تکلیف دہ ہے۔ حکومت کو اس کا جواب دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے میں جب ہمارے ملک میں نہ سویلین محفوظ ہیں نہ سیکیورٹی جوان، آخر وزارتِ داخلہ کیا کر رہی ہے۔
ناگالینڈ میں پیش آئے واقعے کی تفصیلات سے متعلق ملک کے وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ اور آرمی چیف جنرل منوج مکند کو آگاہ کردیا گیا ہے۔