بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کا ہیلی کاپٹر گر تباہ

  • بدھ 08 / دسمبر / 2021
  • 5040

بھارتی ریاست تامل ناڈو کے قریب بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

انڈین ایئر فورس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت بھی ہیلی کاپٹر میں سوار تھے۔ بیان میں کہا گیا کہ حادثے کی وجہ جاننے کے لیے انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔

بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق مقامی فوجی افسران جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں جبکہ مقامی لوگوں نے 80 فیصد جھلسنے والی دو لاشوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا ہے۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف کے علاوہ ہیلی کاپٹر میں ان کے عملے اور خاندان کے کچھ اراکین بھی سوار تھے۔

جائے حادثہ سے موصول ہونے والی فوٹیج میں کچھ جھلسی ہوئی لاشیں دیکھی جا سکتی ہیں۔ لاشوں کو نکالنے اور شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

انڈیا کے خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق ہیلی کاپٹر میں عملے سمیت کل 14 افراد سوار تھے جن میں جنرل راوت، ان کا خاندان، ان کے سکیورٹی اسسٹنٹ، ان کا عملہ اور انڈین فضائیہ کے اہلکار سوار تھے۔