ٹی ٹی پی قانون کے مطابق چلے ورنہ مقابلہ ہوگا: فواد چوہدری

  • اتوار 12 / دسمبر / 2021
  • 3050

وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری نے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی قانون کے مطابق چلے گی تو ٹھیک ہے ورنہ ان سے پہلے بھی لڑے تھے اور آئندہ بھی لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے تمام ذمہ داران جہنم واصل ہوچکے ہیں۔

فرخ حبیب کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے تحریک طالبان پاکستان کے حوالے سے کہا کہ ٹی ٹی پی سے بات چیت جاری ہے، ریاست کی رٹ برقرار رہے گی۔ ٹی ٹی پی قانون کے مطابق چلے گی تو ٹھیک ہے ورنہ ان سے پہلے بھی لڑے تھے اور آئندہ بھی لڑیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت الیکشن کمیشن کو مضبوط کرنا چاہتی ہے، الیکشن کمیشن میں بہت سی شدت پسند جماعتیں رجسٹرڈ ہیں۔ تحریک لبیک کی فنڈنگ کا کوئی پتا نہیں، جے یو آئی پر فارن فنڈنگ سے متعلق سنجیدہ چارجز ہیں، پیپلز پارٹی کی بھی فارن فنڈنگ کا کوئی جواب نہیں ،۔ وزیراعلی سندھ کو دھمکیاں دینے سے گریز کرنا چاہیے اسی طرح ن لیگ کے ایک بھی ڈونر کا ریکارڈ موجود نہیں۔

سانحہ اے پی ایس سے متعلق سوال پر فواد چوہدری نے کہا کہ اس سانحے کے تمام ذمہ داران جہنم واصل ہوچکے ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی فرخ حبیب نے کہا کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں تمام ریکارڈ جمع کرایا  ہے۔ اس ضمن میں 22 والیم جمع کرائے جب کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے آج تک فارن فنڈنگ میں کوئی ریکارڈ جمع نہیں کرایا۔ دونوں جماعتوں نے درجنوں اکاؤنٹس کو چھپایا، تمام جماعتوں کے کھاتے سامنے آنے چاہئیں۔