دنیا افغانستان کو تنہا چھوڑنے کی غلطی نہ کرے: وزیر اعظم

  • بدھ 15 / دسمبر / 2021
  • 3060

وزیر اعظم عمران خان نے امید ظاہر کی ہے کہ دنیا افغانستان کو نظرانداز کرنے کی غلطی نہیں دہرائے گی۔ اسلام آباد میں افغانستان پر حکومت کی ایپیکس کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔

ایپکس کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت افغانستان کی صورتحال پر اجلاس ہوا ہے، جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیر داخلہ شیخ رشید، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اس اجلاس کے اعلامیے کے مطابق اس موقع پر مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف اور اعلیٰ سول و فوجی افسران بھی موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے دوران اجلاس اس امید کا اظہار کیا کہ دنیا افغانستان سے الگ رہنے کی غلطی نہیں دہرائے گی۔ انہوں نے اصرار کیا کہ عالمی برادری افغانستان کے کمزور لوگوں کی مدد کرے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی بھی انسانی بحران سے بچنے کے لیے  پاکستان افغانستان کی  ہر ممکن مدد کرے گا۔ اجلاس میں افغانستان کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ پاک افغان بارڈر صورتحال اور افغانستان کے لئے امدادی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایپکس کمیٹی کے شرکا نے افغانستان میں ہنگامی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ کسی بھی انسانی بحران سے بچنے کے لیے افغانستان کی مدد کریں گے، افغانستان کو ضرورت کے وقت تنہا چھوڑنا کسی کے مفاد میں نہیں ہوگا۔ امید ہے دنیا افغانستان سے قطع تعلق کی غلطی نہیں دہرائے گی، عالمی برادری مشکل سےدوچار افغان عوام کی مدد کرے۔

وزیر اعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ پاکستان کےراستے افغان عوام کو امداد دینے والے بین الاقوامی اداروں کو سہولیات فراہم کی جائیں۔