پاکستان یورپی یونین ممالک کے ساتھ تعلقات کی قدر کرتا ہے: آرمی چیف

  • جمعہ 17 / دسمبر / 2021
  • 3520

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان یورپی ممالک کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، اور باہمی مفادات پر تعلقات میں مذید فروغ کا خواہاں ہے۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چیک ریپبلک کے سفیر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور افغان صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،افغانستان کی موجودہ صورتحال، انسانی امداد کی فراہمی سے متعلق تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج  کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان یورپی یونین ممالک کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ مشترکہ مفادات پر مبنی کثیر الجہتی تعلقات میں وسعت کا خواہاں ہے۔

آئی ایس پی آر کے  مطابق جمہوریہ چیک کے سفیر نے افغان صورتحال پر پاکستان کے کردار کو سراہا۔ اور خطے میں امن واستحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔  پاکستان کے ساتھ ہرسطح پر سفارتی تعاون بڑھانے کےلیے کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔