اقوام متحدہ میں افغانستان کے مستقل مندوب نے عہدہ چھوڑ دیا
- ہفتہ 18 / دسمبر / 2021
- 4820
اقوام متحدہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ افغانستان کی سابق حکومت کی جانب سے تعینات عالمی ادارے میں مستقل مندوب اسحاق زئی اپنے عہدے سے دستبردار ہوگئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان حق نے ایجنسی فرانس پریس (اے ایف پی) کو بتایا کہ جمعرات کو موصول ہونے والے ایک مراسلے کے مطابق غلام اسحاق زئی نے 15 دسمبر کو اپنا عہدہ چھوڑ دیا ہے۔ اس معاملے پر اقوام متحدہ میں افغان مشن سے بیان لینے کی کوشش کی گئی لیکن جمعرات کی شام گئے تک رابطہ نہیں ہو پایا۔
چودہ ستمبر کو اسحاق زئی نے باضابطہ طور پر عالمی ادارے سے درخواست کی کہ یہ بات واضح کی جائے کہ وہ ابھی تک افغان سفیر ہیں۔ اسی ماہ کے اواخر میں طالبان نے تحریک کے ایک سابق ترجمان، سہیل شاہین کے اقوام متحدہ میں مندوب کے عہدے کے لیے تقرر کا اعلان کیا تھا۔ تاکہ وہ افغانستان کے نئے سفیر کے طور پر اسحاق زئی کی جگہ لیں۔
نومبر کے آخر میں اسحاق زئی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے منعقدہ اجلاس میں شرکت کی، جس میں انھوں نے کھل کر اپنے ملک کے نئے سخت گیر اسلام نواز حکمرانوں پر نکتہ چینی کی۔ لیکن اس ماہ کے اوائل میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کی جس میں افغانستان کی نشست پر نمائندگی کے لیے ایک سے زیادہ امیدواروں کے دعوے کے معاملے کو غیر معینہ مدت کے لیے مؤخر کر دیا گیا۔
اس معاملے پر فیصلے میں ناکامی پر طالبان نے اقوام متحدہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارہ افغان عوام کے حق کو نظر انداز کرتا ہے۔ 1996 سے 2001 تک کے اپنے پہلے دور حکومت میں اقوام متحدہ میں طالبان کا کوئی سفیر تعینات نہیں تھا۔