او آئی اجلاس میں افغانستان پر اتفاق رائے ہوجائے گا: شاہ محمود قریشی
- ہفتہ 18 / دسمبر / 2021
- 3550
وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امید ظاہر کی ہے کہ اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 17 ویں غیر معمولی اجلاس میں افغانستان کے حالات میں بہتری کے حوالے سے اقدامات پر اتفاق کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں او آئی سی اجلاس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ او آئی سی میں آنے والے مندوبین کے لیے مکمل انتظام کیے گئے ہیں۔ وہ خود ان انتظامات کا جائزہ کر رہے ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ پاکستان جو باور کروانا چاہتا تھا اسے آج پزیرائی مل رہی ہے۔ پاکستان کہہ رہا تھا کہ افغانستان کی صورتحال نازک قابل غور ہے اور وہاں انسانی بحران جنم لے سکتا ہے اور یہ بحران اس خطے کو متاثر کرے گا۔
ہم کہہ رہے تھے کہ افغانستان میں غذائی قلت اور معاشی مسائل کے اثرات دنیا پر پڑ رہے ہیں جس پر دنیا قائل ہوتی دیکھائی دے رہی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ 11 کمانڈرز جنہوں نے افغانستان میں کام کیا اور سفرا جو وہاں کے زمینی حقائق سے واقف ہیں، انہوں نے لکھا ہے کہ جو بائیڈن انتظامیہ ازسرنو اپنی پالیسی کا جائزہ لے تاکہ انسانیت کو محفوظ کیا جاسکے۔
وزیر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ آج بہت سی آوازیں شامل ہیں۔ امریکی کانگریس کے اراکین نے اپنے وزیر خارجہ کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ انسانی بحران کو روکنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ہماری خواہش تھی کہ دنیا افغانستان کی طرف توجہ مبذول کرے آج ہماری مراد پوری ہوچکی ہے۔ او آئی سی اجلاس میں 400 سےزائد وفد اپنے رجسٹریشن کرواچکے ہیں۔
اجلاس میں ایجنڈے پر بات کی جائے گی اور میرا یقین کامل ہے کہ ہم اس اجلاس میں اتفاق حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے، یہ اجلاس تاریخی اور اہم ہوگا۔ انہوں نےکہا کہ ہم تاریخ کے دوراہے پر ہیں کہ اگر ہم نے ٹھیک قدم اٹھایا تواس خطے اور افغانستان امن و استحکام پیدا ہوسکتا ہے۔ اور افغانستان انسانی بحران سے بچ سکتا ہے۔ خدانخواستہ ہم نے ایسا نہ کیا تو اس سے افغانستان کے پڑوسی ممالک سمیت پورا یورپ متاثر ہوسکتا ہے۔
اگر افغانستان سے انخلا ہوا تو یہ انخلا معاشی بحران کی وجہ سے ہوگا۔ اس لیے ہماری خواہش ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام ہو اور وہاں لوگوں کو ملازمت کے مواقع حاصل ہوں تاکہ وہ افغان جن کی میزبانی پاکستان کر رہا ہے وہ بھی اپنے ملک لوٹ سکیں۔
وزیر اعظم عمران خان افغانستان میں امن و استحکام کی کوشش کر رہے ہیں جس کا نتیجہ یہ اجلاس ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ہم اپنے مقصد میں کامیابی حاصل کریں گے۔