کراچی: شیرشاہ نالے میں دھماکے سے 10 افراد جاں بحق

  • ہفتہ 18 / دسمبر / 2021
  • 3900

کراچی کے علاقے شیر شاہ میں زیرِ زمین گزرنے والے سیوریج کے بند نالے میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں نجی بینک کی عمارت تباہ ہوگئی جبکہ اطراف کی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ واقعے میں 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

ٹراما سینٹر سول اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر صابر میمن نے واقعے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں جاں بحق 10 افراد کی لاشیں اور 11 زخمی اسپتال لائے گئے۔ 11 میں سے 4 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

شیر شاہ پولیس کے مطابق واقعہ شیر شاہ کے علاقے پراچہ چوک کے قریب پیش آیا ہے۔ سیوریج کے نالے میں دھماکے سے نالے کی چھت دور جا گری، دھماکے کے نتیجے میں قریب ہی واقع نجی بینک کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

کیماڑی ڈسٹرکٹ پولیس نے واقعے میں تخریب کاری یا دہشت گردی کے عنصر کو رد کیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ حادثاتی طور پر پیش آیا ہے۔

ایک اور اطلاع کے مطابق دھماکا ایک نجی بینک میں ہوا جس کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ عمارت کے پلرز اکھڑ گئے اور قریب واقع پیٹرول پمپ سمیت متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلز کو بھی نقصان پہنچا۔

علاقہ ایس ایچ او نے بتایا کہ بینک کی عمارت نالے پر تعمیر تھی جنہیں کچھ عرصے قبل نوٹس دیا گیا تھا کہ نالے کی صفائی کے لیے بینک کو خالی کردیں۔ دھماکے کے فوری بعد علاقہ مکین اور ریسکیو ٹیمز جائے وقوع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق دھماکے کی وجہ کا تعین کیا جارہا ہے اور رینجرز کے جوانوں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کا گھیراؤ کرلیا ہے۔