باجوڑ میں اے این پی کی گاڑی پر خودکش حملے میں 2 افراد جاں بحق
- اتوار 19 / دسمبر / 2021
- 3800
خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند میں عوامی نیشنل پارٹی کی گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے ہیں۔
ڈی پی او باجوڑ عبدالصمد خان نے بتایا کہ خودکش حملے میں اے این پی ورکر کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس میں 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ دھماکا پاک افغان سرحد کے قریب سور قمر علاقے میں لاغرے تھانے کی حدود میں ہوا۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچ چکے ہیں۔
ڈی پی او نے اس تاثر کو رد کیا کہ دھماکہ پولنگ اسٹیشن کے قریب ہوا جہاں بلدیاتی انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس مقام پر حملہ کیا گیا وہ پہاڑی علاقہ ہے۔ خودکش بمبار اچانک آیا اور خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
دھماکے کی ذمہ داری اب تک کسی نے قبول نہیں کی۔ یاد ہے کہ نومبر میں باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول دھماکے کے نتیجے میں گشت کرنے والے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔ پولیس اہلکار راغگان ڈیم کے قریب تعینات تھے جب ریموٹ کنٹرول دھماکا کیا گیا۔