امیدواروں کے غلط چناؤ کی وجہ سے شکست ہوئی: وزیراعظم

  • منگل 21 / دسمبر / 2021
  • 4510

وزیر اعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں امیدواروں کے غلط انتخاب کو پاکستان تحریک انصاف کی خراب کارکردگی کی بڑی وجہ قرار دیا ہے۔

ٹوئٹر پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں غلطیاں کیں اور اس کی قیمت ادا کی، جس کی بڑی وجہ امیدواروں کا غلط انتخاب تھا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ خیبر پختونخوا کے دوسرے مرحلے اور ملک بھر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے پی ٹی آئی کی حکمت عملی کی نگرانی خود کریں گے۔

وزیر اعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی مضبوط بن کر سامنے آئے گی۔ خیال رہے کہ خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع کی 63 تحصیلوں میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخاب کے لیے پولنگ اتوار کے روز ہوئی تھی جس میں تحریک انصاف کو ناکامی کا سامنا ہؤا۔ دوسرے مرحلے کے انتخابات 16 جنوری کو ہوں گے۔

63 میں سے 39 تحصیلوں کے نتائج کا اعلان الیکشن کمیشن نے کردیا ہے جس کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) میئر/چیئرمین کی سب سے زیادہ 15 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ پشاور سٹی کے میئر کے مقابلے میں بھی اسے یقینی برتری حاصل ہوئی۔ جے یو آئی کے حافظ زبیر علی نے 62 ہزار 388 جبکہ پی ٹی آئی کے رضوان بنگش نے اب تک 50 ہزار 659 ووٹس حاصل کیے ہیں۔

تاہم 6 پولنگ اسٹیشنز پر امن و عامہ کی صورتحال کے باعث پولنگ ملتوی ہونے کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے میئر کے انتخاب کا نتیجہ روک دیا ہے۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ جے یو آئی (ف) نے جنوبی خیبر پختونخوا میں اپنی روایتی طاقت کی بنیاد سے بہت دور صوبائی دارالحکومت میں اپنی جگہ بنائی ہے۔