بھارت کے شہر لدھیانہ میں عدالتی عمارت میں دھماکا، 2 افراد ہلاک

  • جمعرات 23 / دسمبر / 2021
  • 5360

بھارت کے شہر لدھیانہ میں عدالتی عمارت میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی کے شمال میں لدھیانہ کے جوڈیشل کمپلیکس کے بیت الخلا کے قریب دھماکے کے بعد فوٹیج میں پولیس افسران کو زخمیوں کو عمارت سے باہر لاتے اور دیگر افراد کو احاطے سے نکلنے کی ہدایت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

جائے وقوع پر موجود پولیس افسر نے کہا کہ عمارت میں دھماکا ہوا ہے لیکن ہم نوعیت کی ابھی تصدیق نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ’ہم اس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ دھماکے سے چار افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو بعد ازاں دم توڑ گئے‘۔

مقامی چینل ’این ڈی ٹی وی‘ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ دھماکے سے بیت الخلا کی دیواریں اور دیگر کمروں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ ریاستی وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی نے کہا کہ حکومت ’الرٹ‘ تھی اور واقعے کی تحقیقات کرانے کا اعلان کیا۔

ایک ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ میں جلد جائے وقوع پر پہنچ رہا ہوں اور ریاست کے عوام کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ مجرمان کو بخشا نہیں جائے گا۔ جو بھی ریاست کا امن اور ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا اسے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔