قائد اعظم کے نظریات کی پیروی پاکستان کو درپیش چیلنجز کا واحد حل ہے: صدر و وزیراعظم
- ہفتہ 25 / دسمبر / 2021
- 4710
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے اور ان پر قابو پانے کا واحد حل قائداعظم محمد علی جناح کے اتحاد، ایمان اور نظم کے اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہے۔
بابائے قوم محمد علی جناح کے 146ویں یومِ پیدائش پر ایک خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ جناح کی ایمانداری، محنت، استقامت اور ایک بڑے مقصد کے لیے لگن نے انہیں ہمارا عظیم لیڈر یعنی قائداعظم بنایا، ہمیں بحیثیت قوم قائد کے ترقی یافتہ، ترقی پسند اور روادار پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ان اوصاف کو اپنانے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قائد کے وژن کے مطابق ہماری حکومت کرپشن سے پاک معاشرے اور غریب اور پسماندہ شہریوں کی مدد کرنے والے نظام کے لیے کوشاں ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کی اہمیت کا احساس کیا جہاں تمام شہری عقیدے کی آزادی، پیشہ اور مساوی مواقعوں کا حق رکھتے ہوں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کا چیلنجز اور مخالفت کے باوجود قوم کو متحد کرنے کا عزم ان کی ثابت قدمی سے ہی ممکن ہوا۔ مشکلات اور چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لیے انہوں نے اللہ تعالیٰ پر پختہ یقین اور نبی اکرم ﷺ کے اصولوں سے رہنمائی حاصل کی۔ یہ ہماری نسل اور ہمارے بچوں کے لیے فخر کی بات ہے کہ وہ ایک آزاد پاکستان میں پیدا ہوئے جو قائداعظم کی جدوجہد کے بغیر ہمارا مقدر نہیں بن سکتا تھا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے قائدِ اعظم محمد علی جناح کے پاکستان کو عظیم تر بنانے کیلئے ہمیں اُن کے بتائے ہوئے اصولوں کو اپنانا ہے، جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی، علیحدہ اور خودمختار ریاست کے قیام کیلئے انتھک جدوجہد کی اوراپنی صلاحیتوں، عزم اور غیر معمولی کردار کی بدولت پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلا ہے۔
صدر عارف علوی نےقائدِ اعظم کے 145 ویں یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ موجودہ چیلنجز پر قابو پانے کے لیے ہمیں اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کے زریں اصولوں پر عمل کرنا ہوگا ،پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہمیں نظم و ضبط، بھائی چارے اور لگن کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ پاکستان کی ترقی کیلئے معاشرے کے تمام طبقات، قومیتوں، اقلیتوں اورہر فرد کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ ملک کی خوشحالی کے لیے معاشرے کے نظر انداز کیے گئے طبقات کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دینا ہوگی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بابائے قوم کے یومِ پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم قول کے سچے، دُھن کے پکے، کردار کے کھرے اور باعمل راہبر تھے۔ وہ راست گو اور راست باز انسان تھے جو ہمیشہ سیدھے راستے پر چلے۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے تاریخ کا دھارا موڑ دیا، ان کا کہا آج حرف بہ حرف سچ ثابت ہورہا ہے۔ تاریخ نے ثابت کیا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی سیاسی جدوجہد سچائی اور اصولوں پر مبنی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن محاسبے کا دن ہے کہ ہم نے بابائے قوم کے فرمودات اور نظریات پر کتنا عمل کیا؟