عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کے نئے تنظیمی ڈھانچے کا اعلان کردیا

  • ہفتہ 25 / دسمبر / 2021
  • 8080

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین، وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کی تنظیموں کی تحلیل کے بعد نیا تنظیمی ڈھانچہ تشکیل دیا ہے۔

وفاقی وزیر وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ تنظیم نو کے بعد وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر پی ٹی آئی کے نئے جنرل سیکریٹری ہوں گے۔ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کو خیبرپختونخوا کا صدر،  وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کو سندھ کی صدارت، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کو بلوچستان پارٹی کا سربراہ، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کو پنجاب کا صدر اور خسرو بختیار کو جنوبی پنجاب میں پی ٹی آئی کا صدر بنایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ پی ٹی آئی چیئرمین نے عامر محمود کیانی کو پارٹی کا ایڈیشنل سیکریٹری جنرل نامزد کیا ہے۔ خیال رہے کہ ایک روز قبل خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں میرٹ کے برعکس خاندانوں میں ٹکٹ دیے جانے کی شکایات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے تحریک انصاف کی ملک بھر میں تمام تنظیمیں تحلیل کردی تھیں۔

اس حوالے سے فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ وزیراعظم نے خیبر پختونخوا میں پارٹی کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ حالانکہ انتخابی نتائج کے مطابق ولیج کونسل کے انتخابات میں پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کی سب سے بڑی جماعت ہے۔

فواد چوہدری نے کہا تھا کہ وزیر اعظم نے میرٹ کے برعکس خاندانوں میں ٹکٹ دیے جانے کی شکایات پر برہمی کا اظہار کیا اور تنظیم کی کمزوریوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ خیبر پختونخوا میں جس طریقے سے تنظیموں کو حصہ لینا چاہیے یا جس طرح سے تحریک انصاف کو ایک بڑی جماعت کے طور پر کردار ادا کرنا چاہیے وہ نظر نہیں آیا۔ لہٰذا آج وزیر اعظم نے پی ٹی آئی کی قومی قیادت سے مشاورت کے بعد تحریک انصاف کی تمام تنظیموں کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا تھا کہ تحریک انصاف کے چیف آرگنائزرز سمیت تمام عہدیداروں کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے اور ایک نئی آئینی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں پارٹی کی تمام بڑی قیادت شامل ہوگی۔