وفاقی کابینہ نے پہلی قومی سلامتی پالیسی کی منظوری دے دی
- منگل 28 / دسمبر / 2021
- 3440
قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی کابینہ نے ملک کی پہلی قومی سلامتی پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔ گزشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی نے پالیسی کی منظوری دی تھی۔
ایک ٹوئٹ میں معید یوسف نے کہا کہ ’قومی سلامتی پالیسی کی منظوری تاریخی کامیابی ہے۔ عوام پر مبنی جامع پالیسی جس کا بنیادی مقصد اقتصادی تحفظ ہے، اس پر اب پوری تندہی سے عملدرآمد کیا جائے گا‘۔
انہوں نے کہا کہ پالیسی، جسے ابھی تک عوام کے سامنے نہیں لایا گیا، ملک کی قومی سلامتی کے مقاصد کی تکمیل کے لیے شعبہ جاتی پالیسیوں کی رہنمائی میں مدد کرے گی۔ معید یوسف نے سول اور عسکری قیادت کا ان کی حمایت اور معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پالیسی وزیر اعظم عمران خان کی مستقل قیادت اور حوصلہ افزائی کے بغیر کبھی منظر عام پر نہ آتی۔
ان کا کہنا تھا کہ پالیسی کی کامیابی اس کے نفاذ میں مضمر ہے جس کے لیے منصوبہ تیار کیا گیا ہے، اس کا عوامی ورژن وزیر اعظم مقررہ وقت میں شروع کر دیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی نے ملک کی پہلی قومی سلامتی کمیٹی برائے 2026-2022 کی منظوری دی تھی۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیردفاع پرویز خٹک، وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری، وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیرخزانہ شوکت ترین، وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، مشیر قومی سلامتی، اور سینئر سول و عسکری حکام شریک ہوئے تھے۔
معید یوسف نے اجلاس کے دوران پالیسی کے خدوخال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ قومی سلامتی پالیسی ایک جامع قومی سیکیورٹی فریم ورک کے تحت ملک کے کمزور طبقے کا تحفظ، سیکیورٹی اور وقار یقینی بنائے گی۔ شہریوں کے تحفظ کی خاطر پالیسی کا محور معاشی سیکیورٹی ہوگا، معاشی تحفظ ہی شہریوں کے تحفظ کا ضامن بنے گا۔