عمران خان پانچویں سال میں مہنگائی ختم کردیں گے: شیخ رشید
- بدھ 29 / دسمبر / 2021
- 4250
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان آئندہ پانچ سال میں مہنگائی ختم دیں گے ہم ان کے ساتھ ہیں اور ان کی ہی قیادت میں انتخابات لڑیں گے۔
راولپنڈی میں نالہ لئی منصوبے کا دورہ کرتے ہوئے میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کا یہ ہی ایجنڈا ہے کہ ملک سے غربت ختم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور میں کسی کو بے دخل نہیں ہونے دیاگیا۔ ہمارے ملک میں قبضہ مافیا زیادہ ہے ہم نے تمام شہروں میں قبضہ مافیا کو کمزور کیا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ہر پارٹی یہ ہی چاہتی ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اس کے سر پر ہاتھ رکھے لیکن اسٹیبلشمنٹ کا فیصلہ یہ ہے کہ وہ منتخب حکومت کا ساتھ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف واپس آتا ہے آئے نہیں آتا نہ آئے۔ ہم عمران خان کی قیادت میں انتخابات لڑیں گے۔ میں نے پچاس سال سیاست کی ہے اور یہ ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہوں کہ اس شہر میں ہم نے کسی بدمعاش کو سر اٹھا کر چلنے نہیں دیا، اس شہر میں غریب کی حکومت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپوزیشن سے درخواست کی ہے کہ 23 مارچ کے بجائے 30 مارچ کو اسلام آباد کا رخ کریں کیونکہ اس دوران بہت اہم مہمان آرہے ہیں اور پاکستان میں پہلی بار جے ایس ٹین کی فلائنگ پاس ہورہی ہے۔ پاکستان ائیر فورس ریفل کے مقابلے میں جے ایس ٹین چین کے جہاز سے فلائنگ پاس کرے گی۔
اپوزیشن 30 مارچ کو اسلام آباد آئے اور قانون کو ہاتھ میں نہ لیں ورنہ ہمیں بھی قانون کارروائی کرنا پڑے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان آئندہ الیکشن بھی لڑیں گےاور ہم ان کے ساتھ ہوں گے، کسی کے کہنے سے کچھ نہیں ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اب فضل الرحمٰن نہیں کہیں گے کہ میں نے الیکشن میں حصہ نہیں لینا یا اسمبلیوں سے استعفیٰ دے دیں گے۔ الیکشن ہار جیت کا نام ہے، میں نے ساری زندگی تمام علمائے اکرام کا احترام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انشااللہ پانچویں سال میں عمران خان مہنگائی ختم کرے گا۔ ایک سوال کے جواب پر ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف بتائیں کس دن آنا چاہتے ہیں میں شیخ ہونے کے باوجود ان کو ٹکٹ، ویزا اور پاسپورٹ دینے کو تیار ہوں۔