خیبر پختون خوا میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مارچ کے آخر میں ہوگا

  • جمعرات 30 / دسمبر / 2021
  • 4580

خیبرپختون خوا حکومت چاہتی ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مئی میں ہو، جب کہ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے خود کہا تھا کہ رمضان سے قبل ہی دوسرا مرحلہ ہوگا۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق مرتضی جاوید عباسی کی درخواست پر الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ خیبر پختوانخوا میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 27 مارچ کو ہو گا۔ جس پر چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا نے جواب دیا کہ خیبر پختوانخوا صوبائی کابینہ نے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی تاریخ دسمبر اور دوسرے مرحلے کی مئی میں کہی تھی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ خیبر پختوانخوا حکومت نے کہا تھا کہ دو مرحلوں میں الیکشن کرائیں گے۔  بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ دسمبر دوسرا مارچ میں ہوگا۔ صوبائی حکومت نے مانا تھا کہ بلدیاتی انتخابات مارچ میں رمضان سے قبل ہوں گے۔

چیف سیکریٹری خیبر پختوانخوا نے الیکشن کمیشن سے کہا کہ پھر آپ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات مارچ کے اختتام پر رکھ لیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ رمضان کے بعد الیکشن ہونے سے بہت آگے چلے جائیں گے، رمضان 3 یا چار اپریل سے شروع ہو گا، اس سے قبل مارچ کا آخری اتوار 27 مارچ رکھ لیں۔