نواز شریف خفیہ ڈیل کرکے ہی پاکستان واپس آئیں گے: عمران خان
- جمعہ 31 / دسمبر / 2021
- 4120
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم قوم کی عظمت کے راستے پر چل رہے ہیں۔ کوئی ایشین ٹائیگر، مدینہ ریاست کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ اس سے قبل قومی اسمبلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا تھا کہ نواز شریف کسی ڈیل کے بعد ہی ملک واپس آئیں گے۔
لاہور میں صحت کارڈ کی تقسیم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اتنے بڑے فیصلے کوئی نہیں کر سکتا۔ نہ پاکستان کی کسی حکومت نے ایسا اقدام کیا۔
انہوں نے کہا کہ جب میں برطانیہ گیا تو میں نے پہلی بار فلاحی ریاست دیکھی۔ فلاحی ریاست وہ ہوتی ہے جو لوگوں کی مدد کرتی ہے۔ فلاحی ریاست ایک عام آدمی کی بنیادی ضروریات پوری کرتی ہے۔ وہ یہ نہیں چاہتی کہ خاص طبقہ ترقی کرے، وہ چاہتی ہے کہ سب ترقی کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ریاست پہلی بار نبی ﷺ نے بنائی تھی۔ پہلی بار ایک ریاست نے کمزور طبقے کی ذمہ داری لی تھی۔ اگر وہ ماڈل آپ نے دنیا میں دیکھنا ہے وہ مسلمان ممالک میں نہیں بلکہ یورپ میں ہے۔ وہاں اپنے کمزور طبقے کی مکمل ذمہ داری ریاست نے لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب اللہ پاک ہمیں حکم کرتا ہے کہ نبی ﷺ کے راستے پر چلو تو اس میں ہماری بہتری ہے۔ جو قوم مدینہ کی ریاست اور نبی کی سنت پر چلے گی ترقی کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ روزے رکھے جاتے ہیں، نمازیں بھی زیادہ ہوتی ہیں، ہماری تبلیغی جماعتیں اتنے بڑے بڑے اجتماعات کر رہی ہیں لیکن ہم نبی کے راستے پر نہیں چلتے۔ عمران خان نے کہا کہ پنجاب کی حکومت اور ہم جو اقدام اٹھا رہے ہیں، ہم اس راستے پر چل رہے ہیں جو قوم کی عظمت کا راستہ ہے۔ یہاں حکمرانوں کو دیکھیں تو کہتے ہیں کہ ہم پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانا چاہتے ہیں تو کیا کوئی ایشین ٹائیگر، مدینہ کی ریاست کا مقابلہ کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس راستے پر جانا چاہتے ہیں جس کے لیے پاکستان بنا تھا۔ اگر پاکستان اس راستے پر نہ چلا تو یہ ہندوستان کے لوگوں کے لیے بہت بڑا دھوکا ہوگا، یہ ان لوگوں کے لیے دھوکا ہوگا جو جانتے تھے کہ انہیں پاکستان میں نہیں آنا لیکن انہوں نے پاکستان کے حق میں ووٹ دیا تھا۔ تقاریر میں ہم نے اس ریاست کا بڑا نام لیا لیکن عملی طور پر ایسا کچھ نہیں ہوا۔
اس سے قبل گزشتہ روز قومی اسمبلی میں میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے عمران خان نے اشارہ دی اکہ نواز شریف کسی خفیہ ڈیل کے بغیر پاکستان واپس نہیں آئیں گے۔ وہ 2007 مین سعودی عرب سے بھی ایک ڈیل کے ذریعے ہی واپس آئے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب وہ سعودی عرب تھے تب بھی ہم ہر روز یہ سنتے تھے کہ وہ آنے والے ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی ہر تقریر دراصل ان کی نوکری کے لئے درخواست ہوتی ہے۔