کورونا کی نئی لہر آسکتی ہے: اسد عمر

  • اتوار 02 / جنوری / 2022
  • 4010

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی نئی لہر کے آغاز کے واضح شواہد نظر آرہے ہیں۔

ایک ٹوئٹ میں اسد عمر کا کہنا تھا اومیکرون قسم میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ اور ایسا خاص طور پر سے کراچی میں ہورہا ہے۔ اسد عمر نے عوام کو یاددہانی کروائی کہ وہ وائرس سے بچاؤ کے لیے ماسک کا استعمال کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ 3 روز سے ملک میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح ایک فیصد سے زائد رہی ہے۔ این سی او سی کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے کل 45 ہزار 585 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 594 ٹیسٹ مثبت آئے یوں مثبت کیسز کی شرح 1.30 فیصد رہی۔

گزشتہ روز سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا کے کل 51 ہزار 141 ٹیسٹ کیے گئے تھے جن میں سے 556 ٹیسٹ مثبت آئے اور مثبت کیسز کا تناسب 1.08 فیصد رہا، جمعے کے روز جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق بھی ملک میں 516 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

 ملک بھر سے کورونا وائرس کی اومیکرون قسم کے مقامی منتقلی کے کیسز سامنے آنے کے بعد  کورونا کیسز کی شرح مسلسل 3 روز سے ایک فیصد سے زائد ہے۔ اس سے قبل ملک میں تقریباً 2 ماہ تک کورونا کیسز کی شرح ایک فیصد سے کم رہی تھی اورخیال کیا جارہا تھا کہ شاید  دربارہ وائرس سے متعلق بندشوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔