جعلی حلف نامہ دینے پر لاہور ہائیکورٹ شہباز شریف کےخلاف کارروائی کرے
- اتوار 02 / جنوری / 2022
- 4010
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی ہے کہ لاہور ہائی کورٹ سے نواز شریف کو واپس لانے یا بھائی کی واپسی کی یقین دہانی کرانے کا بیانِ حلفی دینے پر شہباز شریف کے خلاف کارروائی کی درخواست کی جائے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جعلی حلف نامہ جمع کرانے پر لاہور ہائی کورٹ کو شہباز شریف کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے تھی۔ شہباز شریف نے لاہور کورٹ میں حلف نامہ دیا تھا کہ نواز شریف علاج کرا کر وطن واپس آجائیں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ کو معاملے پر خود نوٹس لینا چاہیے تھا لیکن اب حکومت نے نواز شریف کو واپس لانے کے لیے اٹارنی جنرل کو کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔ شہباز شریف کے خلاف جعلی حلف نامہ جمع کرانے پر کارروائی ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں عالمی سطح پر اضافہ ہوا اسی لیے قیمت بڑھانی پڑی۔ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت کم ہوگی تو پاکستان میں بھی قیمیتں کم کردی جائیں گی ۔ مہنگائی کے بارے میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ماضی میں زراعت کے شعبے پر توجہ نہیں دی گئی اسی لیے گھی، دالوں، خوردنی تیل سمیت دیگر اشیا باہر درآمد کرنی پڑتی ہیں۔ ہماری حکومت نے زراعت پر خصوصی توجہ دی ہے۔ گزشتہ دو سال کے دوران 5ریکارڈ فصلوں کی وجہ سے گیارہ سو ارب روپیہ کسانوں کو ملا ہے۔
حکومتی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملک میں صنعتی اداروں نے بھی ریکارڈ منافع کمایا ہے۔ ملک کی سو بڑی کمپنیوں نے 919 ارب روپے کا تاریخی منافع کمایا لیکن افسوس کہ مالکان نے اپنے ورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا اسی لیے مہنگائی کا اثر زیادہ محسوس ہورہا ہے۔
وزیراعظم نے بھی اپنے خطاب مالکان پر زور دیا تھا کہ اپنے منافع میں سے اپنے ورکرز کو بھی حصہ دیں، ان کی تنخواہیں بڑھائیں۔ حکومت اپنے حصے کا کام کررہی ہے مگر ہر کام حکومت نہیں کرسکتی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت نے خیبرپختونخوا کے بعد پنجاب میں صحت کارڈ کا اجرا کردیا ہے اور اب بلوچستان میں صحت کارڈ کا اجرا کیا جائے گا جس سے عوام کو علاج کی مفت معیاری سہولت میسر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ روپیہ پہلے سے مستحکم ہورہا ہے پاکستان میں معاشی استحکام واپس آرہا ہے۔ اس کے علاوہ آئی ایم ایف کے معاہدے پر دستخط سے ہماری موجودہ مالی مشکلات ختم ہوجائیں گی۔