دنیا نے احتیاط نہ کی تو موسمیاتی تبدیلی سے فوڈ سیکیورٹی متاثر ہوگی: وزیراعظم

  • منگل 04 / جنوری / 2022
  • 3660

وزیراعظم عمران خان نے موسمیاتی تبدیلی سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دنیا نے احتیاط نہ کی تو زراعت اور فوڈ سیکیورٹی پر اثر پڑے گا۔

اسلام آباد میں وزارت موسمیاتی تبدیلی اور عالمی بینک کے درمیان معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان وہ ملک ہے جو دنیا کے ان 10 ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی کے لیے انتہائی خطرناک ہیں لیکن اس میں ہمارا کوئی قصور نہیں ہے کیونکہ پاکستان کی کاربن امیشن ایک فیصد سے بھی کم ہے۔

ورلڈ بینک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہم ان ممالک سے زیادہ خطرے میں ہیں جو کاربن سب سے زیادہ خارج کرتے ہیں اور جن کی وجہ سے گرین ہاؤس گیسز ہوتی ہیں۔ ہم یہ احساس کریں کہ اپنی آنے والی نسلوں کے لیے موسمیاتی تبدیلی روکنے کے لیے بہت زیادہ احتیاط کرنی ہے، میں نے اپنی زندگی میں موسم گرم ہوتے دیکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ دیہاتی اور پہاڑی علاقوں میں رہنے والے لوگوں سے 20 سے 25 سال پہلے سننا شروع کیا کہ موسم گرم ہونے لگا ہے۔ ڈی آئی خان کی طرف لوگوں نے شکایت کی کہ بارشیں کم اور گرمی زیادہ ہونا شروع ہوگئی ہے۔  دنیا نے بڑی دیر تک اس کو تسلیم نہیں کیا۔ ان ملکوں نے جن کی وجہ سے گرمی زیادہ ہوتی جارہی ہے یعنی جو ممالک سب سے زیادہ کاربن خارج کرتے ہیں اور ان ممالک نے بڑی دیر بعد احساس کیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا اب تسلیم کر رہی ہے کہ بامعنی اقدامات نہ کیے تو موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات ہوں گے، سائبیریا جیسی جگہ میں درجہ حرارت وہاں پہنچ گیا ہے جس کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ کیلیفورنیا اور آسٹریلیا کے جنگلوں میں آگ لگی، پھر سیلاب سے کئی ممالک بہت زیادہ متاثر ہو رہے، فلپائن میں سائیکلون آرہا ہے اور کبھی کچھ آرہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انسانی معاشرے کو اس کا نقصان ہے۔ اسی طرح اگر دنیا نے احتیاط نہ کی تو زراعت متاثر ہوگی اور فوڈ سیکیورٹی بھی اثر پڑے گا۔ پاکستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے ضروری ہے کیونکہ یہ ہمارے شہروں اور گلیشرز کو نقصان پہنچا رہا ہے جہاں سے پانی آتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے جنگلات بچانے ہیں، اور نئے درخت لگانے ہیں۔ پھر نیشنل پارکس بہت ضروری ہیں، پرانے پارکس بچا کر نئے نیشنل پارکس بنانے ہیں، ہمارے دور میں اب تک 15 نئے نیشنل پارکس ڈیکلیئر کیے ہیں۔ اس اقدام کے تحت مقامی لوگوں کو اس کے تحفظ کے لیے روزگار دیں گے، اب ہم ٹیکنالوجی کا استعمال کرسکتے ہیں اور ڈرونز کے ذریعے اس کی سروے کرسکتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے شہر بہت خطرے میں ہیں، شہر پھیلتے جارہے ہیں، گرین ایریازغائب ہوتے جارہے ہیں۔ اسلام آباد میں تجاوزات مارگلہ نیشنل پارک کے اندر شروع ہوچکی ہے کیونکہ آبادی کا دباؤ ہے۔ جنگلات بچانے ہیں اور شہروں کو تحفظ دینا ہے کیونکہ جس طرح یہ پھیلتے جارہے ہیں وہاں ہم پانی صاف نہیں رکھ سکتے ہیں۔