عمران خان غیر ملکی فنڈنگ سے پیسہ چوری کرتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں: نواز شریف

  • ہفتہ 08 / جنوری / 2022
  • 4480

سابق وزیراعظم نواز شریف نے  پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ہدایت دی ہے کہ پی ٹی آئی کے غیر ملکی فنڈنگ کیس پر الیکشن کمیشن آف پاکستان  کی رپورٹ کی بنیاد پر عمران خان کو چھوٹ نہ دی جائے۔

انہوں نے پارٹی کو ہدایت کی کہ معاملے کو انصاف ہونے تک جارحانہ انداز میں دونوں ایوانوں میں اٹھائیں۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نے اپنی پارٹی کے صدر شہباز شریف کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مارچ میں اسلام آباد میں ہونے والے مہنگائی مارچ سے قبل پارٹی کارکنوں کو متحرک کرنے کے لیے پنجاب میں ضلعی اور ڈویژنل سطح پر ورکرز کنونشنز کا انعقاد شروع کریں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اس معاملے پر چھوٹ نہ دیں کیونکہ وہ پارٹی کی غیر ملکی فنڈنگ کے ذریعے پیسہ چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں۔ ان کی نام نہاد ایمانداری کی تصویر مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے اور اب انہیں قوم کے سامنے بے نقاب ہونا چاہیے۔

نواز شریف نے ماڈل ٹاؤن میں پارٹی کے ایک اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں یہ بات کہی جس میں شہباز شریف، مریم نواز، پارٹی کی مرکزی اور پنجاب کی قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں شریک ایک رہنما نے ڈان کو بتایا کہ نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کی غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق ای سی پی کے نتائج کے حوالے سے ’بہت دوٹوک‘ بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کو ہدایت کی کہ اس معاملے کو اس کے منطقی انجام تک پہنچنے تک ختم نہ ہونے دیا جائے۔

نواز شریف نے کہا کہ اس معاملے کو 'قومی اسمبلی، پنجاب اسمبلی اور سینیٹ میں جارحانہ انداز میں اٹھایا جائے جس سے عمران خان کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے'۔ نواز شریف نومبر 2019 سے علاج کے لیے برطانیہ میں ہیں، انہوں نے خطاب کے دوران شرکا سے کہا کہ وہ تمام فارمز پر وزیر اعظم عمران خان کی مبینہ چوری کو بے نقاب کریں۔