وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دینے کی درخواست خارج

  • منگل 11 / جنوری / 2022
  • 3320

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دینے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی ہے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کے علاوہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی نااہلی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔ دوران سماعت درخواست گزار فدا اللہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو نااہل قرار دیا جائے کیونکہ انہوں نے اپنے خطاب میں اپنے 16 رکن قومی اسمبلی کے بک جانے کا انکشاف کیا تھا۔ وفاقی وزیر داخلہ کے حوالے سے کہا کہ شیخ رشید نے اعتراف کیا تھا کہ انہیں معلوم ہے کہ وہ بکنے والے 16 رکن قومی اسمبلی کون ہیں۔

درخواست گزار نے مزید کہا کہ شیخ رشید نے تسلیم کیا تھا کہ اگر نام لے لیا تو تحریک انصاف کی حکومت ختم ہوجائے گی۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ یہاں سیاسی تقریر نہ کریں بلکہ قانونی حوالہ پیش کریں۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ کہاں کے رہائشی ہیں اور وہاں کے رکن اسمبلی کس جماعت سے ہیں؟ درخواست گزار فدا اللہ نے کہا کہ میں لکی مروت سے ہوں اور رکن اسمبلی مسلم لیگ (ن) سے ہیں۔

بعدازاں چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست گزار فدا اللہ کی درخواست مسترد اس ریمارکس کے ساتھ مسترد کی کہ ان سے کہیں کہ وہ درخواست دائر کریں۔ خیال رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ عدالت کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف نااہلی کی درخواست مسترد کی گئی ہو۔ ستمبر 2018 کو سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما بیرسٹر دانیال چوہدری کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف کاغذات نامزدگی میں بیٹی ظاہر نہ کرنے کے خلاف نااہلی کی درخواست مسترد کردی تھی۔