وفاقی حکومت نے نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس پر ماہرانہ رائے طلب کرلی
- بدھ 12 / جنوری / 2022
- 4390
وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت سے سابق وزیراعظم نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس پر ماہرانہ رائے مانگ لی ہے۔ اس حوالے سے اٹارنی جنرل آفس کی جانب سے وفاقی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں پنجاب حکومت کو خط لکھا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں جمع ہونے والی رپورٹس پر متعلقہ ماہرین سے رائے لی جائے۔ماہرین کی رائے ملنے پر نوازشریف کی واپسی سے متعلق آئندہ لائحہ عمل اپنایا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ماہرین نے نوازشریف کی صحت بہتر قرار دی تو سابق وزیراعظم کے معالج سے رابطہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہباز شریف کی شخصی ضمانت پر نواز شریف باہر گئے۔ نواز شریف کا باہر جانا مکمل فراڈ تھا، نواز شریف نے 17 ماہ سے علاج نہیں کرایا۔ وہ ملک سے فراڈ کے ذریعے نکلے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے نواز شریف کی صحت کی رپورٹس مسترد کردی ہیں۔ نواز شریف کے باہر بھیجنے کے فراڈ کے ذمہ دار شہباز شریف ہیں اور شہباز شریف کی لاہور ہائی کورٹ طلبی پر درخواست دی جائے گی۔