بھارت ایک بار پھر فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچا سکتا ہے: وزارت خارجہ
- جمعرات 13 / جنوری / 2022
- 4070
پاکستان نے متنبہ کیا ہے کہ بھارت ایک بار پھر فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچاسکتا ہے۔ ہفتہ بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنے دوست ممالک کو آگاہ کردیا ہے کہ بھارت ایک بار پھر فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارتی عزائم کا نوٹس لے، پاکستان بھارت کے ساتھ پرامن اور دوستانہ ہمسائیگی کا خواہاں ہے۔تاہم دونوں ممالک کے مابین معنی خیز مذاکرات کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا بھارت کی ذمہ داری ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارتی قابض فورسز کی مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کاُ سلسلہ جاری ہے۔پاکستان کو مسئلہ کشمیر پر بحیثیت اہم فریق مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش ہے۔ ہندوستان مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو انتہائی خطرناک نہج پر لے جارہا ہے۔ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال کو اجاگر کرتا رہے گا۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے اندر اقلیتوں کے خلاف مظالم کو نوٹس لے، مودی سرکار بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی بند کرے۔
ترجمان نے بتایا کہ چین کی قیادت کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان 3 سے 5 فروری کو بیجنگ جائیں گے۔ وزیراعظم چین میں سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اور پاکستان اور چین کے مابین سی پیک سمیت تمام امور پر گفتگو کی جائے گی۔