پاکستان میں پروازوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں کھانے کی تقسیم پابندی عائد

  • ہفتہ 15 / جنوری / 2022
  • 3730

پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے تمام پروازوں اور پبلک ٹرانسپورٹ پر کھانا تقسیم کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

 این سی او سی)کے اجلاس میں  وباکے ٹرینڈز کا جائزہ لیا گیا، جس میں کورونا کی بڑھتی صورتحال اور اضافے کی صورت میں مجوزہ بندشوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  صوبوں خصوصا ًسندھ کے ساتھ بڑھتی وباکے کنٹرول کے لیے رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور موجودہ این پی آئیز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

این سی او سی کی جانب سے دوران پرواز کھانے کی تقسیم پر بھی پابندی عائد کردی گئی، سول ایوی ایشن کو دوران پرواز ماسک کا استعمال اور دیگر این پی آئیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی، جبکہ 17 جنوری سے پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی سنیکس اور کھانا تقسیم کرنے پر پابندی ہوگی۔  این سی او سی کی جانب سے تمام صوبوں کو ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے سخت اقدامات کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

اجلاس میں این سی او سی کی جانب سے تعلیمی اداروں، عوامی اجتماعات اور شادی ہالز میں این پی آئیز کے حوالے سے 17 جنوری کو خصوصی اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں صوبائی وزرائے تعلیم و صحت شرکت کریں گے۔