مہنگائی کی وجہ سے عمران خان کی مقبولیت میں کمی کا تاثر غلط ہے: فواد چوہدری
- اتوار 16 / جنوری / 2022
- 3290
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے عمران خان کی مقبولیت میں کمی آئی ہے۔ عمران خان کا ووٹ بینک ملک کے ہر حصے میں موجود ہے۔ ان کے علاوہ کوئی قومی لیڈر موجود ہی نہیں ہے۔
لاہور پریس کلب میں صحافیوں کو ہیلتھ کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے علاوہ اور کوئی پارٹی اس پوزیشن میں ہی نہیں ہے کہ آئندہ انتخابات میں اتنی بڑی تعداد میں لوگ کھڑے کرسکے۔ پیپلز پارٹی صرف اندرون سندھ کی جماعت ہے، مسلم لیگ(ن) صرف سینٹرل پنجاب کی پارٹی ہے اور جمعیت علمائے اسلام(ف) صرف خیبر پختونخوا کے چند علاقوں تک محدود ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں ہم دکھائیں گے کہ الیکشن کس طرح لڑا جاتا ہے۔ 2023 کے بعد اگلے 5 سال بھی ہم کہیں نہیں جارہے۔ پیپلزپارٹی نے 2011 سے 2017 تک گیس اسکیموں کی توسیع روک کر درست فیصلہ کیا تھا کیونکہ ملک میں گیس کم ہوتی جارہی تھی، جب پیپلزپارٹی کی حکومت گئی تب گیس کے اوپر ایک روپیہ بھی گردشی قرض نہیں تھا لیکن شاہد خاقان عباسی گیس پر 157 ارب روپے کا گردشی قرض چھوڑ کر گئے تھے۔ جو اسکیمیں انہوں نے شروع کیں انہیں مکمل کرنے کے لیے ہرسال 90 ارب روپے چاہئیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا مسئلہ نہیں چھوڑ سکتے کیونکہ ان کا مسئلہ مہنگائی سے جڑا ہوا ہے۔ 1947 سے 2008 تک 6 ہزار ٹریلین کا قرضہ لیا گیا، جبکہ 2008 سے 2018 تک 23 ٹریلین قرضہ لیا گیا۔ پانچ سالوں میں 55 ارب ڈالر قرضہ واپس کرنا ہے، تحریک انصاف حکومت اب تک 32 ارب ڈالر قرضہ واپس کرچکی ہے۔
وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ سے صحت کے مسائل حل ہوں گے جس سے ہر خاندان 10 لاکھ روپے تک کا علاج کروا سکے گا۔ نجی ہسپتال جائیں تو علاج کا خرچہ حکومت اٹھائے گی، حادثے میں زخمی شخص کا بھی صحت کارڈ کے تحت فوری علاج ہو سکے گا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پانچ مرلہ کے گھر کے لیے 30 لاکھ قرضہ دیا جائے گا جس میں سے تین لاکھ روپیہ حکومت کی طرف سے ہوگا اور 27 لاکھ کا قرضہ کم ترین سود پر ہوگا۔ ایک کنال کے گھروں کے لیے بھی سستے منصوبے متعارف کروائے ہیں۔