جسٹس عمر عطا بندیال ملک کے اگلے چیف جسٹس ہوں گے
- منگل 18 / جنوری / 2022
- 5070
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس عمر بندیال کو ملک کے چیف جسٹس کے عہدے پر تعینات کردیا ہے۔
جسٹس عمر بندیال یکم فروری کو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کے عہدے سے رخصت ہونے کے بعد 2 فروری 2022 کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ ان کا تقرر 21 دسمبر 2019 کو عدالت عظمیٰ میں کیا گیا تھا۔ آئین کے آرٹیکل 177 کے مطابق آرٹیکل 175 (3)میں دیے گئے اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس عمر عطا بندیال کو چیف کے عہدے پر تعینات کیا۔
وزارت قانون و انصاف کی جانب سے 17 جنوری 2022 کو جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ جسٹس عمر بندیال بطور چیف جسٹس 2 فروری 2022 سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد جسٹس عمر بندیال کی میز پر 51 ہزار 766 مقدمات فیصلے کے منتظر ہوں گے، پاکستان کی اعلیٰ عدالتوں اور ضلعی عدالتوں میں کم و بیش 21 لاکھ کیسز زیر التوا ہیں۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال 16 ستمبر 2023 تک عہدے پر خدمات انجام دیں گے جس کے بعد یہ عہدہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سنبھالیں گے۔ سنیارٹی اسکیم کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسی 25 اکتوبر 2024 تک چیف جسٹس رہیں گے جس کے بعد 282 ایام کے لیے جسٹس اعجازالاحسن عہدے پر تعینات ہوں گے، بعدازاں 4 اگست 2025 سے جسٹس منصور علی شاہ عہدہ سنبھالیں گے۔
توقعات کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ 27 نومبر 2027 تک چیف جسٹس کی ذمہ داریاں انجام دیں گے اور 14 دسمبر 2028 تک ان کے جانشین جسٹس منیب اختر ہوں گے جس کے بعد 22 جنوری 2030 تک جسٹس یحیٰ خان آفریدی کو چیف جسٹس تعینات کیا جائے گا۔
جسٹس عمر عطا بندیال 17 ستمبر 1958 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم کوہاٹ، راولپنڈی، پشاور، اور لاہور سے حاصل کی، جبکہ کولمبیا یونیورسٹی سے معیشت میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے کیمبرج سے لا ٹرائپوس ڈگری حاصل کی اور لندن کے معروف لنکنز ان میں بطور بیرسٹر خدمات انجام دیں۔
جسٹس عمر بندیال سپریم کورٹ اور لندن اور پیرس کی متعدد بین الاقوامی عدالتوں میں بطور ثالث بھی پیش ہوچکے ہیں۔ جسٹس عمر بندیال کو 4 دسمبر 2004 کو لاہور ہائی کورٹ کے جج طور پر مقرر کیا گیا تھا۔ ان کا شمار ان ججوں میں ہوتا ہے جنہوں نے نومبر 2007 کے پروینشل کونسٹی ٹیوشن آرڈر (پی سی او) کے حلف لینے سے انکار کردیا تھا۔ اس وقت 3 نومبر 2007 جنرل پرویز مشرف ملک میں ایمرجنسی نافذ کی تھی۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر احسن بھون نے ڈان کو بتایا کہ امید ہے کہ جسٹس عمر بندیال ایک دیانت دار شخص اور ایک قابل جج ہونے کے ناطے عدلیہ کی بہتری کے لیے تمام تر رکاوٹوں کو ختم کرنے اور پاکستان میں انصاف کی ہموار فراہمی کے لیے اپنی پوری کوشش کریں گے۔