پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ کے سبب ان ڈور تقریبات پر پابندی
- بدھ 19 / جنوری / 2022
- 5270
پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس کے پیشِ نظر حکام نے مختلف پابندیاں بھی عائد کر دی ہیں۔
حکام کے مطابق ملک میں وبا کے مثبت کیسز کی شرح 10 فی صد تک پہنچ گئی ہے جب کہ کراچی میں شرح لگ بھگ 40 فی صد ہے۔ ایسے میں جب کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ملک میں صحت کے حکام نے وبا کے علاج کے لیے چین کے روایتی جڑی بوٹی سے تیار کردہ ایک دوا کے کلینیکل ٹرائل کامیابی سے مکمل ہونے کا اعلان کیا ہے۔
اس دوا کی آزمائش کرنے والی ٹیم کے ایک رکن ڈاکٹر رضا شاہ نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس دوا کی آزمائش میں اس کی افادیت کی شرح 82 فی صد سے زیادہ ہے۔ ان کے بقول یہ دوا کرونا کی اومیکرون قسم کے خلاف بھی مؤثر ہو سکتی ہے۔ چین میں تیار ہونے والی جن ہُوا کِنجن گرینولس دوا کی آزمائش انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز کے تحت 300 مریضوں پر کی گئی۔
کلینیکل ٹرائلز ڈاکٹر رضا شاہ کی نگرانی میں ہوئے ہیں۔ جن کا کہنا ہے کہ اس دوا کی آزمائش کرونا وائرس کی ابتدا میں سامنے والی اقسام اور ڈیلٹا ویریئنٹ پر کیے گئے۔ البتہ اومیکرون کے مریض ان ٹرائلز میں شامل نہیں تھے۔ رضا شاہ نے کہا کہ یہ دوا اومیکرون ویریئنٹ کے مریضوں کے لیے بھی مؤثر ہو سکتی ہے۔
امریکہ میں صحت کے نگراں ادارے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن (سی ڈی سی) نے شہروں کو تلقین کی ہے کہ وہ کرونا وبا سے متاثرہ 22 ملکوں کا سفر کرنے سے گریز کریں۔ سی ڈی سی نے منگل کو کہا ہے کہ اسرائیل، آسٹریلیا، مصر، ارجنٹینا، یوروگوئے اور البانیا میں کرونا کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں اس لیے ان ملکوں کے سفر سے اجتناب کیا جائے۔
سی ڈی سی نے امریکی شہریوں کو جن ملکوں کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے ان میں قطر، بحرین، بولیویا، بہاماس، پاناما، برمودا، برٹش ورجن آئی لینڈ، سینٹ لوشیا سمیت برطانیہ کے بعض جزیرے بھی شامل ہیں۔ سی ڈی سی نے مذکورہ ملکوں کو کیٹیگری فور میں رکھا ہے، یعنی یہ ملک سفر کے لیے زیادہ خطرناک ہیں اور ایسے شہری جنہوں نے اب تک ویکسین نہیں لگوائی وہ ان ملکوں کا سفر ہر گز نہ کریں۔
جرمنی میں ایک روز کے دوران پہلی مرتبہ کرونا وائرس کے ریکارڈ ایک لاکھ 12 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ وبا کے شکار مزید 239 مریض دم توڑ گئے ہیں۔ بدھ کو سامنے آنے والے تازہ ترین اعداد و شمار کے بعد جرمنی میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد 81 لاکھ 86 ہزار 850 ہو گئی ہے اور اس وبا کا شکار ہو کر ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد ایک لاکھ 16 ہزار 81 تک پہنچ گئی ہے۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ایک روز کے دوران ریکارڈ کیسز سامنے آنے کے بعد جرمنی کے وزیرِ صحت کارل لٹربچ کا کہنا ہے کہ کرونا کی نئی لہر فروری کے وسط میں اپنے عروج پر پہنچ سکتی ہے جس کے بعد ایک مرتبہ پھر کیسز میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔