لاہور: انارکلی کے علاقے میں بم دھماکا، 3 افراد جاں بحق

  • جمعرات 20 / جنوری / 2022
  • 3520

لاہور کے علاقے انارکلی میں بم دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 22 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

لاہور پولیس کے بیان میں ابتدائی طور پر دھماکے کی نوعیت سلنڈر دھماکا بتائی گئی تاہم بعد میں لاہور پولیس کے ترجمان رانا عارف نے تصدیق کی کہ بم ایک موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا بم تھا۔ دھماکے کے نتیجے میں آس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ موٹر سائیکلز میں آگ لگ گئی۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی اور انہیں قریبی واقع میو ہسپتال منتقل کیا۔ میو ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے احکامات جاری کیے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی دیں۔

دھماکے کے اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر لاہور عمر شیر چٹھہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیضان احمد میو ہسپتال پہنچ گئے۔ ڈی آئی جی آپریشز ڈاکٹر عابد نے جائے وقوع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے کی جگہ پر ڈیڑھ فٹ کا گڑھا پڑ گیا جبکہ دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لینے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا جو شواہد اکٹھے کر رہا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انارکلی بازار میں دھماکے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ واقعے کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

وزیراعلی نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے ذمہ داروں کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ایک ٹوئٹ میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’انارکلی بازار جسے پرہجوم اور مصروف ترین علاقے میں دھماکا نہایت افسوسناک اور تشویشناک واقعہ ہے‘۔