مسلم لیگ (ن) عدالتوں پر اثر انداز ہونے کیلئے ہتھکنڈے استعمال کرتی ہے: وزیراعظم

  • جمعہ 21 / جنوری / 2022
  • 4100

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعت پاکستان مسلم لیگ پر عدالتوں پر اثر انداز ہونے کے لیے 'غیر منصفانہ ہتھکنڈوں کا استعمال' کرتی ہے۔

 ترجمانوں کے ایک گروپ سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے زور دیا کہ وہ اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے خاص طور پر میڈیا میں پیدا کیے جانے والے 'تنازعات' کا سختی سے مقابلہ کریں۔ گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کے بیان حلفی کیس کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے رہنماؤں شہباز شریف اور مریم نواز کے کیس کی سماعت کرنے والی عدالت پر دباؤ ڈالنے کے لیے حلف نامے کا تنازع کھڑا کیا۔

اجلاس میں شریک ایک فرد نے ڈان سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم کے حوالے سے کہا کہ 'وہ (مسلم لیگ ن کے رہنما) مافیا ہیں اور جب انہیں لگتا ہے کہ عدالتیں مقدمات کا فیصلہ کرنے والی ہیں تو وہ ہمیشہ ان اثر انداز ہوتے ہیں'۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے یہ بے نقاب کرکے کہ رانا شمیم کا بیانِ حلفی مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے دفتر میں تیار کیا گیا تھا، مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی تیار کردہ سازش سے پردہ اٹھادیا۔

بعدازاں راوی اربن ڈیولپمنٹ اور سینٹربزنس ڈسٹرکٹ کے تحت منصوبوں پر اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبے سبز مقامات، ویسٹ مینجمنٹ، صاف توانائی کے ذرائع اور ماحول دوست بین الاقوامی بہترین طریقوں کو نمایاں کرکے آلودگی کی سطح کو کافی حد تک کم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس میں حکومت کا کوئی ذاتی مفاد نہیں بلکہ وہ لاہور کے شہریوں کی بہبود کے لیے کام کررہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ریونیو کمانے کے لیے سرمائے کو متحرک کیا ہے اور ایسے تاریخی تعمیراتی منصوبے شروع کیے ہیں جن کی گزشتہ دو دہائیوں کے دوران کسی بھی سابق حکومت نے منصوبہ بندی نہیں کی تھی۔

قبل ازیں اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ تمام پراجیکٹس میں سبز جگہیں مختص کی گئی ہیں اور ماحول دوست تعمیرات کو یقینی بنانے کے لیے کلین ٹیکنالوجیز کا استعمال کیا جائے گا۔