سپریم کورٹ نے خورشید شاہ کو مزید حراست میں رکھنا غیر قانونی قرار دے دیا

  • منگل 25 / جنوری / 2022
  • 3730

سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ کو مزید جیل میں رکھنا غیر قانونی اور ان کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہوگی۔ قومی احتساب بیورو کے پاس ان کے خلاف جرم ثابت کرنے کے لیے مناسب ریکارڈ نہیں ہے۔

خورشید شاہ کرپشن ریفرنس میں دو سال سے زائد عرصے تک جیل میں رہے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے اپنے تحریری فیصلے میں ریمارکس دیے ہیں کہ نیب ایسا کوئی بھی ثبوت فراہم میں ناکام رہا ہے جس سے ظاہر ہو کہ بے نامی جائیدادیں خورشید شاہ کی ملکیت ہیں اور انہوں نے ان جائیدادوں سے کسی قسم کا کوئی منافع حاصل کیا ہے۔

جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس سید منصور علی شاہ پر مشتمل سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے گزشتہ سال 21 اکتوبر میں خورشید شاہ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل رکھنے کی شرط کے ساتھ، ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے اور ایک کروڑ روپے کا شورٹی بانڈ جمع کرانے پر ضمانت دی تھی۔

نیب نے 18 ستمبر 2019 میں سید خورشید شاہ کو اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا۔ نیب نے سینئر پی پی پی رہنما پر ان کی بیویوں، بیٹوں اور ان کے بے نامی دار شخص پر اپنے معلوم ذرائع آمدن سے زائد جائیدادیں اور اثاثے بنانے اور رکھنے کا الزام لگایا تھا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے میں گزشتہ فیصلوں کا بھی حوالہ دیا گیا ہے کہ کسی ٹرانزیکشن کو بے نامی قرار دینے کے لیے کئی عوامل پر غور کرنا ضروری ہے۔ جرائم سے متعلق قوانین کے تناظر میں یہ دیکھنا سب سے زیادہ ضروری ہے کہ جائیداد کا اصل مالک کون ہے یا جائیداد کس کے قبضے میں ہے اور اس جائیداد سے حاصل ہونے والا منافع کون حاصل کر رہا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نیب یہ بتانے میں ناکام رہا ہے کہ خورشید شاہ اور ان کے اہل خانہ اثاثے اور ان کے ذرائع آمدن جو اب جمع کر لیے گئے ہیں وہ نیب کی گزشتہ تفتیش کے دوران کیوں دستیاب نہیں تھے۔ اس کے باجود ہم نے انصاف کی فراہمی کے لیے ایک مرتبہ پھر عارضی جائزہ لیا کہ کیا کوئی ایسا مجرمانہ ریکارڈ موجود ہے جو درخواست گزار کو اس پر عائد الزامات کا قصوروار ثابت کرنے کے لیے معقول بنیاد فراہم کرے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ان کے اثاثوں، جائیدادوں کی مالیت کے بارے میں عدالت عظمیٰ نے ریمارکس دیے کہ نیب نے صرف یہ کیس بنانے کے لیے کہ ان کے اثاثے آمدنی کے معلوم ذرائع سے مطابقت نہیں رکھتے۔ کسی ٹھوس قانون بنیاد کے بغیر رجسٹرڈ سیل ڈیڈز میں مذکور قیمت کو مسترد کرکے مالیت کا تعین کیا گیا۔ یہ بھی واضح نہیں کہ نیب کی جانب سے مقرر کردہ قیمت اس وقت کی ہے جب یہ جائیدادیں خریدی گئی تھیں یا ان جائیدادوں کی موجودہ قیمت ہے۔

فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جائیداد کی خریداری کے وقت اس کی قیمت اور درخواست گزار کی آمدنی کا موازنہ اہم ہے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ نیب نے ویسٹ پاکستان لینڈ ریونیو اسسمنٹ رولز 1968 کے رولز 3 کے تحت درخواست گزار کی زرعی آمدنی کا اندازہ نہیں لگایا، نہ ہی اس کو ان کے معلوم ذرائع آمدن میں شامل کیا۔

فیصلے میں تحریر کیا گیا ہے کہ جہاں تک درخواست گزار اور اس کے خاندان کے افراد کے بینک اکاؤنٹس میں جمع کرائی گئی اور نکالی گئی رقم کے لین دین کا تعلق ہے، درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ تمام اکاؤنٹس ان کے سالانہ انکم ٹیکس گوشواروں اور اثاثوں کے ڈِکلریشن میں ظاہر کیے گئے تھے اور نیب نے درخواست گزار کے مؤقف کی تردید کے لیے کسی نکتے کی نشاندہی نہیں کی۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے خلاف مقدمے کے ریکارڈ پر ایسا کوئی ٹھوس، مجرمانہ ریکارڈ دستیاب نہیں ہے جس سے درخواست گزار کے خلاف لگائے گئے الزمات کے جرم کا اندازہ لگایا جاسکے۔ اس لیے اس وقت یہ ماننے کی کوئی معقول بنیاد نہیں ہے کہ درخواست گزار مبینہ جرم میں ملوث ہے۔

درخواست گزار کو موجودہ کیس میں 18 ستمبر 2019 کو گرفتار کیا گیا تھا اور وہ عبوری ریفرنس پر ٹرائل کا سامنا کر رہا ہے۔ اس کی گرفتاری سے اب تک دو سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن نیب نے ابھی تک حتمی ریفرنس دائر کرنا ہے، اس طرح درخواست گزار کی غلطی نہ ہونے کی وجہ سے ٹرائل کا اختتام نظر نہیں آتا۔

سپریم کورٹ کے فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسے کسی بھی کیس میں جہاں نیب ملزم کو حراست میں رکھنے کا جواز پیش کرنے کے لیے عدالت کو مناسب مجرمانہ ثبوت دکھانے سے قاصر ہو، اس کیس میں ملزم کو ایک دن کے لیے بھی اس کی آزادی سے محروم کرنا غیر ذمہ دارانہ اور انسانی وقار سے گری ہوئی بات ہے۔