وزیراعظم کے اولمپکس میں شرکت کے لئے چین جارہے ہیں: وزیر خارجہ

  • جمعرات 27 / جنوری / 2022
  • 3490

وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ چین کا بنیادی مقصد اولمپکس میں شریک ہونا ہے کیونکہ کچھ ممالک نے اولمپکس کا بائیکاٹ کیا ہے۔ پاکستان اور چین نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم عمران خان کے متوقع دورہ چین کے حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ سرمایہ کاری کے حجم میں اضافے اور معاشی استحکام کیلئے ہم نے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی ہے۔ جس کی کئی نشستیں ہوئیں ۔ ان نشستوں میں تفصیلی مشاورت ہوئی ، اب ہم نے اپنی حکمت عملی وضع کی ہے، جس کی بنیاد پر ہم چین کی قیادت سے رابطہ کریں گے، دورہ چین کے دوران چینی صدر اور وزیر اعظم سے ملاقات ہوگی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 3 سے پانچ فروری کو چین کا دورہ کریں گے۔ ہماری خارجہ پالیسی کا فوکس اقتصادی سفارت کاری پر ہے جس سے معاشی استحکام اور عام آدمی کی خوشحالی مقصود ہے، اس مقصد کے حصول کیلئے یقیناً سرمایہ کاری اور دو طرفہ تجارت خصوصی اہمیت کی حامل ہیں۔

ان سب موضوعات پر گفتگو ہو گی لیکن دورہ چین کا بنیادی مقصد چین میں منعقدہ اولمپکس میں شریک ہونا ہے۔ کچھ ممالک نے اولمپکس کا بائیکاٹ کیا ہے، پاکستان اور چین نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔  دورہ چین کا بنیادی مقصد اظہار یکجہتی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ سائیڈ لائن پر ملاقاتیں اور گفت و شنید بھی ہو گی۔