کیچ میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے 10 سپاہی شہید
- جمعرات 27 / جنوری / 2022
- 5280
بلوچستان کے علاقے کیچ میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 10 اہلکار شہید ہوگئے اور ایک دہشت گرد بھی مارا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے 25 اور 26 جنوری کی درمیانی شب بلوچستان کے علاقے کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا اور کئی زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ کے جواب کے دوران 10 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ کارروائی کے دوران 3 دہشت گردوں کو حراست میں لیا گیا اور واقعے کے ذمہ داروں کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ مسلح افواج مادر وطن سے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، چاہے اس کے لیے جو بھی قیمت چکانی پڑے۔
اس سے قبل 24 دسمبر کو ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر ہونے والے دہشت گردوں کے حملے میں 2 فوجی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ دہشت گردوں کے ساتھ ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں ضلع خوشاب سے تعلق رکھنے والے لانس نائیک منظر عباس اور خضدار سے تعلق رکھنے والے سپاہی عبدالفتح شہید ہوگئے۔
یہ ایک مہینے کے دوران صوبے میں ہونے والا اس قسم کا دوسرا واقعہ تھا۔