اسلامو فوبیا کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں کو تیز کرنا ہوگا: وزیراعظم

  • اتوار 30 / جنوری / 2022
  • 3320

وزیراعظم عمران خان  نے کہا ہے کہ اسلامو فوبیا کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں کو تیز کرنا ہوگا۔

 ایک ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی اسلامو فوبیا کی مذمت کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ اور ان کے اس اقدام کو سراہتا ہوں  کہ  انہوں نے اسلامو فوبیا جیسی لعنت سے نمٹنے کیلئے خصوصی نمائندہ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 جسٹن ٹروڈو کا بر وقت اقدام میرے اس مطالبے کی تائد ہے جو میں مسلسل دہرا رہا ہوں، اسلامو فوبیا کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں کو تیز کرنا ہوگا۔ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ 'میں وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے اسلامو فوبیا کی صریح مذمت اور دورِحاضر کی اس لعنت کے تدارک کے لیے نمائندۂ خصوصی مقرر کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتاہوں'۔

ان کا کہنا تھا کہ آئیے سب مل کر اس آفت کے خاتمے کے لیے جدوجہد کریں۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے نمائندہ خصوصی مقرر کرنے کا ارادہ ظاہر کیا گیا تھا۔ انہوں نےاپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ اسلامو فوبیا ناقابل قبول ہے، ہمیں اس نفرت کو روکتے ہوئے کینیڈین مسلمانوں کو ایک محفوظ ماحول فراہم کرنا ہوگا۔

انہوں نے  کہا کہ اسلاموفوبیا کی روک تھام کے اقدامات میں مدد کے لیے ہم ایک نمائندہ خصوصی مقرر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔