امریکہ روس کو جنگ میں دھکیلنا چاہتا ہے: صدر پوٹن کا الزام

  • بدھ 02 / فروری / 2022
  • 4290

روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی یوکرین تنازع میں ماسکو کے سیکیورٹی مطالبے کا نظر انداز کر رہے ہیں اور امریکہ روس کو جنگ میں دھکیلنا چاہتا ہے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق روس کے صدر نے منگل کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ماسکو یوکرین معاملے پر تناؤ کو کم کرنے کے لیے بات چیت کے لیے تیار ہے۔ پوٹن کا یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب روس اور یوکرین کے درمیان جنگ چھڑنے کے خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

امریکہ کے صدر جو بائیڈن گزشتہ ہفتے اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ روس فروری میں یوکرین پر چڑھائی کر سکتا ہے۔ دوسری جانب امریکی سینیٹ میں ایوان کے دونوں جانب سے تعلق رکھنے والے قانون سازوں نے مشترکہ طور پر تعزیراتی اقدام کی تجویز پیش کی ہے جس کے متعلق امور خارجہ کی قائمہ کمیٹی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ یوکرین پر حملے کی صورت میں روس کو "تمام تعزیرات میں سب سے بڑی تعزیرات " کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

کمیٹی کے چیئرمین رابرٹ مینڈیز کے بقول سینیٹر ایسا پیکیج مرتب کرنے کے اقدام کی تجویز پر متفق ہیں جس سے یوکرین پر جارحیت کی صورت میں روس کے اعلیٰ سطحی عہدے داروں سے لے کر عام روسی شہری تک کواس کی انتہائی سخت مالی قیمت چکانی پڑے گی۔