جسٹس عمر عطا بندیال نے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھالیا
- بدھ 02 / فروری / 2022
- 4500
جسٹس عمر عطا بندیال نے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ اسلام آباد میں ایوان صدر میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے عہدے کا حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی برائے صوبائی برائے کھیل و بین الاقوامی روابط فہمیدہ مرزا، وزیر اطلاعات فواد چوہدری سمیت وفاقی کابینہ کے دیگر وزرا، مسلح افواج کے افسران اور وکلا برادری نےشرکت کی۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے گزشتہ روز سابق چیف جسٹس گلزار احمد کے عہدے سے ریٹائرڈ ہونے کے بعد باضابطہ چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔
جسٹس عمر عطا بندیال آج سے 28 ویں چیف جسٹس آف پاکستان کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد جسٹس عمر بندیال کی میز پر 51 ہزار 766 مقدمات فیصلے کے منتظر ہوں گے۔ پاکستان کی اعلیٰ عدالتوں اور ضلعی عدالتوں میں کم و بیش 21 لاکھ کیسز زیر التوا ہیں۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال 16 ستمبر 2023 تک عہدے پر خدمات انجام دیں گے جس کے بعد یہ عہدہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سنبھالیں گے۔
سنیارٹی اسکیم کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسی 25 اکتوبر 2024 تک چیف جسٹس رہیں گے جس کے بعد 282 ایام کے لیے جسٹس اعجازالاحسن عہدے پر تعینات ہوں گے۔ بعدازاں 4 اگست 2025 سے جسٹس منصور علی شاہ عہدہ سنبھالیں گے۔
یاد رہے گزشتہ روز جسٹس عمر عطا بندیال نے سابق چیف جسٹس گلزار احمد کے دور میں اعلیٰ عدلیہ کو پیش آئی مشکلات پر تفصیلی بات کرتے ہوئے ججز کے فیصلوں اور ججز پر حملے کرنے پر مین اسٹریم اور سوشل میڈیا کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ'قانونی معاملات میں ججز کی آرا میں اختلاف ہمارے انفرادی تصورات سے پیدا ہوتا ہے اور یہ تنوع ہماری سمجھ میں بہتری لاتا ہے'۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس کے تفصیلی فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'اس طرح گزشتہ روز کا اقلیتی نظریہ اکثریت کا فیصلہ بھی بن سکتا ہے'۔
کمزوریوں کی نشاندہی اور ان کے تدارک کے لیے عدالت عظمیٰ سمیت تمام عدالتوں کے کارکردگی کا آڈٹ کا خیال پیش کرتے ہوئے جسٹس عمر عطا بندیال نے وکلا برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ تحریری بریفنگ، جامع بیانات اور وکیل کی طرف سے دلائل پر زیادہ انحصار کو یقینی بنا کر سماعت ملتوی کرنے کے کلچر کو ختم کرکے عدالت کا وقت بچانے میں مدد کریں۔
جسٹس عمر عطا بندیال 17 ستمبر 1958 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم کوہاٹ، راولپنڈی، پشاور، اور لاہور سے حاصل کی، جبکہ کولمبیا یونیورسٹی سے معیشت میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے کیمبرج سے لا ٹرائپوس ڈگری حاصل کی اور لندن کے معروف لنکنز ان میں بطور برسٹر خدمات انجام دیں۔
جسٹس عمر بندیال کو 4 دسمبر 2004 کو لاہور ہائی کورٹ کے جج طور پر مقرر کیا گیا تھا ان کا شمار ان ججوں میں ہوتا ہے جنہوں نے نومبر 2007 کے پروویژنل کونسٹی ٹیوشن آرڈر (پی سی او) کے حلف لینے سے انکار کردیا تھا، اس وقت 3 نومبر 2007 کو جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی تھی۔
بعد ازاں جسٹس عمر بندیال نے دو سال کے لیے بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ خدمات انجام دیں جبکہ جون 2014 میں ان کا تقرر سپریم کورٹ میں کردیا گیا۔