وزیر اعظم عمران خان بیجنگ روانہ ہوگئے

  • جمعرات 03 / فروری / 2022
  • 4280

وزیراعظم عمران خان وزرا کے وفد کے ہمراہ چین کے 4 روزہ  سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے۔ وزیر اعظم عمران خان دورے میں چین کی اعلیٰ قیادت ملاقاتیں کریں گے اور چین کے تجارتی وفود سے بھی ملیں گے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وفد میں وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وزیرِ خزانہ شوکت ترین، وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین، مشیرِ قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف، مشیرِ تجارت عبدالرزاق داؤد اور معاونِ خصوصی چین پاکستان اقتصادی راہداری خالد منصور شامل ہیں۔

وزیرِ اعظم چین میں سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ وزیرِ اعظم عمران خان چینی صدر شی جن پنگ اور چینی پریمئیر لی کی چیانگ سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیرِ اعظم پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے چینی سرمایہ کاروں کے وفود سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

عمران خان دورہ چین کے دوران بیجنگ میں منعقد ہونے والے سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ قبل ازیں دورے سے متعلق بات کر تے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 21 مختلف شعبہ جات کی نشاندہی کی گئی ہے جن پر وزیر اعظم چینی قیادت سے گفتگو کریں گے۔ ان شعبہ جات میں سی پیک کے تحت قائم کیے جانے والے خصوصی اقتصادی زونز، تجارت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور بڑی پیمانے پر چینی صنعتوں کی پاکستان منتقلی شامل ہیں۔

ایک بیان میں وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم، چینی صدر شی جن پنگ اور چینی وزیر اعظم لی چیانگ سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے سربراہان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیں گے، جس میں سی پیک سمیت تجارت اور اقتصادی تعاون پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

خیال رہے کہ یہ تاثر عام ہے کہ 3 سال قبل پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے اقتدار میں آنے کے بعد سی پیک پر کام سست روی کا شکار ہے۔ تاہم حکومت کی جانب سے توقع کی جارہی ہے کہ وزیر اعظم کے دورے سے زیر تعمیر منصوبوں یا سی پیک کے تحت شروع کیے گئے دیگر منصوبوں کی تعمیر و ترقی میں تیزی دیکھی جائے گی۔