روس اور چین مل کر امریکہ کا مقابلہ کریں گے
- ہفتہ 05 / فروری / 2022
- 5710
چین اور روس کے صدور کی ملاقات کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ بیان کہا گیا ہے کہ دونوں ملک نیٹو کی مزید وسعت کے خلاف ہیں۔ دونوں ملکوں نے مطالبہ کیا کہ سرد جنگ کے رویے کو ترک کیا جائے۔
روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور چین کے سربراہ شی جن پنگ نے جمعے کے روز بیجنگ میں2022 کے سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب سے پہلے ملاقات کی۔ انہوں نے امریکی اثرو رسوخ کا مقابلہ کرنے کے لیے قریبی تعاون پر زور دیا۔ چین کا کہنا ہے کہ پوٹن اور شی کی اب تک کی یہ اڑتیسویں بالمشافہ ملاقات تھی۔ دونوں ملک امریکہ کے ساتھ تعلقات کشیدگی کی صورت حال میں باہمی مراسم میں مزید قربت چاہتے ہیں۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب روس نے یوکرین کی سرحد کے ساتھ ایک لاکھ سے زائد فوج تعینات کر رکھی ہے۔ امریکہ اور نٰتو اس پر احتجاج کررہے ہیں۔ جب کہ روس نیٹو سے مراعات کا مطالبہ کر رہا ہے۔
وائس آف امریکہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ بات ابھی واضح نہیں کہ یوکرین کے معاملے پر چین کس حد تک روس کی حمایت کرے گا۔ مشترکہ بیان میں یوکرین کا کوئی واضح ذکر سامنے نہیں آیا۔ تاہم بیان کہا گیا ہے کہ دونوں ملک نیٹو کی مزید وسعت کے خلاف ہیں۔ امریکہ نے روس پر الزام لگایا ہے کہ وہ یوکرین پر حملے کا بہانہ تلاش کر رہا ہے، جس کا مقصد روس کا ا ثر و رسوخ مشرقی یورپ تک بڑھانا ہے۔
طویل مشترکہ بیان میں تائیوان کے معاملے پر روس نے چین کے مؤقف کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جزیرہ چین کا لازمی حصہ ہے۔ چین کے حکام نے تائیوان کی حمایت کرنے پر حال ہی میں امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ یہ بات امریکہ اور چین کے درمیان لڑائی کا سبب بن سکتی ہے۔ چین تائیوان کے خودمختار جزیر ے پر اپنے حقوق کا دعوے دار ہے۔