عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے: وزیر اعظم
- ہفتہ 05 / فروری / 2022
- 4350
صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر دنیا سے اپیل کی ہے کہ کسمیری عوام کے حق خود اختیاری کے لئے اقدامات کئے جائیں اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کا نوٹس لیا جائے۔
مظفر آباد میں یاد گار شہدا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ 5 فروری کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کشمیر کے ساتھ کتنا ظلم ہورہا ہے، یہاں کے مسلمان سالوں سے آزادی کی جدوجہد کررہے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ جس طرح بھارت مسلسل 70 سال سے مقبوضہ کشمیر پر جھوٹ بول رہا ہےاور کشمیری رہنماؤں کو دھوکا دے رہا ہے تو کیا وہ سمجھتا ہے کہ انسانیت کی تاریخ میں کوئی بھول پیدا ہوجائے گی۔
بھارت جو مرضی چاہے کرلے، وہ تاریخ مٹا کر لکھنا چاہے تو لکھ لےلیکن اس کےمظالم کو بھلایا نہیں جاسکتا۔ ہم ایک ایک واقعہ یاد رکھیں گے، ہم معاف کر سکتے ہیں لیکن بھول نہیں سکے۔
وزیراعظم عمران خان نے یوم کشمیر پر ایک بیان میں کشمیریوں کے لئے پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کے اقدامات کو روکے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ ہی وقت ہے کہ دنیا بھارتی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ بھارتی مظالم میں انسانیت کے خلاف جرائم، جنگی جرائم، نسل کشی کے اقدامات کے ساتھ ساتھ جبری طور پر علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں شامل ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارتی اقدامات میں جنیوا کنونشن کی مکمل خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ عالمی برادری کشمیریوں کی حالت زار اور ان کی بھارت کی جانب سے ریاستی ظالم فوجی قبضے سے آزادی کی ناقابل تردید خواہش کو نظر انداز نہیں کرسکتی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی جائز اور قانونی حق خوداردیت کی جدوجہد کے عزم میں ان کا ساتھ دے گا۔ مودی کی ظلم اور تشدد کی فاشسٹ پالیسیاں مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے مزاحمت کے جذبے کو دبانے میں ناکام ہوچکی ہیں۔