گلوکارہ لتا منگیشکر انتقال کر گئیں

  • اتوار 06 / فروری / 2022
  • 6180

بھارت کی معروف گلوکارہ لتا منگیشکر مختصر علالت کے بعد92 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق لتا منگیشکر گزشتہ چند ہفتوں سے انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج تھیں۔ جہاں کچھ بہتری کے آثار ظاہر ہونے کے بعد دوبارہ ان کی صحت بگڑ گئی تھی۔ لتا منگیشکر گزشتہ ماہ 8 جنوری کو کورونا کا شکار ہوئی تھیں اور انہیں ’نمونیا‘ بھی تھا۔

بھارت کے سرکاری ٹیلی ویژن پر لتا منگیشکر کے لیے قومی اعزاز کے آخری رسومات اور ملک بھر میں 2 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔لتا منگیشکر کو تقریباً 20 دن تک انہیں انتہائی تشویش ناک حالت میں انتائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا مگر گزشتہ ہفتے ان کی صحت میں بہتری کے بعد انہیں وینٹی لیٹر سے ہٹاکر آکسیجن پر رکھا گیا تھا۔ ایک روز قبل ان کی صحت بگڑنے پر انہیں دوبارہ  وینٹیلیٹر پر منتقل کردیا گیا تھا۔ 2019 میں بھی لتا منگیشکر ایک ماہ تک سانس میں تکلیف کے باعث ہسپتال میں زیر علاج رہی تھیں۔

لتا منگیشکر کو بھارت کی ہر دور کی مقبول گلوکارہ مانا جاتا ہے۔ وہ پاکستان کے علاوہ دیگر جنوبی ایشیائی ممالک میں بھی یکساں مقبول رہیں۔ ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں 28 ستمبر 1929 کو پیدا ہونے والی لتا منگیشکر 5 بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھیں۔

 

انہوں نے 1942 میں اپنے والد کی وفات کے بعد 13 برس کی عمر میں گائیکی کا آغاز کیا اور بھارت میں بولی جانے والی متعدد زبانوں میں تقریباً 30 ہزار گانے گائے۔ انہوں نے کبھی شادی نہیں کی۔ ان کی چھوٹی بہن آشا بھوسلے بھی ایک مشہور گلوکارہ ہیں۔

لتا منگیشکر کو بھارت کے سب سے بڑے سول ایوارڈز بھارت رتنا، پدما ویبھوشن اور پدما بھوش کے علاوہ دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا جاچکا ہے۔ ان کی زبردست شہرت کے باعث حکومت کی جانب جنوری 1963 میں ہندوستان کے یوم جمہوریہ کی تقریبات میں 1962 کی ہند چین جنگ میں مارے گئے فوجیوں کے لیے حب الوطنی پر مبنی خراج عقیدت گانے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔

ان کے گائے ہوئے گیت 'اے میرے وطن کے لوگو' سن کر پنڈت جواہد لعل نہرو کی آنکھوں میں آنسو آگئے تھے۔ ان کی موت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ان کے جانے سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پُر نہیں ہوسکتا۔

اپنی چھوٹی بہن آشا بھونسلے کے ساتھ لتا منگیشکر نے نصف صدی سے زیادہ عرصے تک بالی ووڈ موسیقی پر راج کیا اور بہت سے لوگ انہیں بھارت فلم انڈسٹری کی سب سے بڑی پلے بیک گلوکارہ مانتے ہیں۔