وزیر اعظم کی چینی صدر سے ملاقات، امن واستحکام کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق

  • اتوار 06 / فروری / 2022
  • 4380

وزیر اعظم عمران خان نے  چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کے امن، استحکام اور ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری پر فوری اقدامات پر زور دیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اتوار کو وزیراعظم عمران خان نے چین کے صدر شی جن پنگ سے بیجنگ میں عظیم عوامی ہال میں ملاقات کی جس کے ساتھ ہی ان کا چار روزہ دورہ چین اختتام کو پہنچا۔ اکتوبر 2019 کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی پہلی ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے پاک چین دوطرفہ تعاون کا تفصیلی جائزہ لیا اور خوشگوار ماحول میں علاقائی اور عالمی اہمیت کے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے بیجنگ میں 24ویں اولمپک سرمائی گیمز کی کامیاب میزبانی پر چین کی قیادت اور عوام کو مبارکباد دی اور چین کے نئے سال کے آغاز پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا کہ چین پاکستان کا ثابت قدم دوست، قابل بھروسہ حامی اور مضبوط بھائی ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان سدا بہار اسٹرٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری نے ہمیشہ آزمائش کا مقابلہ کیا اور دونوں ملک اپنے وژن، خوشحالی، ترقی اور امن و استحکام کی مشترکہ خواہش کو عملی جامہ پہنانے کے لیے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔

وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر کو پاکستان کی جیواکنامکس سوچ اور  پاکستان میں پائیدار ترقی، صنعتی ترقی، زراعت میں جدت لانے اور علاقائی رابطہ سے متعلق پالیسیوں سے آگاہ کیا۔ پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی کے سلسلے میں چین کے تعاون اور مدد کی تعریف کی جس میں سی پیک کی اعلیٰ معیاری ترقی سے فائدہ اٹھایا گیا ہے۔

وزیراعظم نے بھارت کے زیرتسلط غیرقانونی جموں و کشمیر میں مسلسل مظالم اور ہندوتوا ذہنیت پر مبنی آر ایس ایس، بی جے پی کے اقلیتوں کے خلاف ظلم و ستم کو اجاگر کیا جوکہ علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔ بھارت کی مسلسل فوج کشی علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے تمام اہم امور پر چین کی مکمل حمایت کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور فریقین نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان سے خطے میں معاشی ترقی اور روابط کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے افغانستان کی فوری مدد کرے۔

دونوں رہنماؤں نے صنعتی، خلائی اور ویکسین کی فراہمی سمیت کئی معاہدوں پر دستخط کو سراہا اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے لیے پاک۔چین کمیونٹی کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے چین کے صدر شی جن پنگ کو دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی۔