وزیراعظم کا 10 بہترین وزرا کے ناموں کا اعلان، مراد سعید کی پہلی پوزیشن

  • جمعرات 10 / فروری / 2022
  • 8110

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بہترین کارکردگی پرتعریفی سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے والے 10وزرا میں مراد سعید پہلے نمبرپرآگئے۔

وزیراعظم آفس میں وزراء کو تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کی تقریب ہوئی، جس میں وزیراعظم  عمران خان نے 10 وفاقی وزراء کو بہترین کارکردگی پر تعریفی سرٹیفیکیٹ دیے۔ تقریب میں وزراء اور وزارتوں کے حکام نے شرکت کی۔ بہترین کارکردگی میں مراد سعید کی وزارت مواصلات پہلے، اسد عمر کی وزارت منصوبہ بندی دوسرے، ثانیہ نشتر کی سماجی تحفظ و تخفیفِ غربت کی وزارت تیسرے نمبر پر، شفقت محمود کی وزارت تعلیم چوتھے نمبرپررہی۔

شیریں مزاری کی وزارت انسانی حقوق پانچویں نمبرپر، خسرو بختیار کی وزارت صنعت و پیداوار چھٹے، معید یوسف کی وزارت قومی سلامتی ساتویں، وزیر تجارت عبدالرزاق داؤد کی وزارت تجارت آٹھویں نمبرپررہی۔شیخ رشید کی وزارت داخلہ نویں اورفخرامام کی نیشنل فوڈ سیکورٹی کی وزارت  دسویں اورآخری نمبرپررہی۔

فواد چوہدری، شاہ محمود قریشی اورشوکت ترین بہترین کارکردگی کے مقابلے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ بہترین کارکردگی دکھانے والی وزارتوں کے ملازمین کو اضافی الاؤنس دیا جائے گا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد ارباب نے اس حوالے سے رپورٹ تیار کرکے وزیر اعظم آفس کو دی۔