خیبر پختون خوا کے بلدیاتی انتخاب میں جمیعت علمائے اسلام (ف) کو برتری، پی ٹی آئی نے مئیر ڈیرہ اسماعیل خان کا عہدہ جیت لیا

  • سوموار 14 / فروری / 2022
  • 5460

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ صوبے کے 13 اضلاع میں پُر امن انداز میں ری پولنگ اور پولنگ مکمل کرلی گئی۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق میئر اور تحصیل کونسل کے چیئرمین عہدوں پر جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی ایف) پلڑا بھاری ہے۔

  میئر یا چیئرمین کی نشست کےلیے 19 تحصیلوں کے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کروائی گئی جبکہ ڈیرہ سٹی کونسل کے عہدے پر بھی انتخابات ہوئے۔ ابتدائی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ 19 تحصیلوں میں دوبارہ منعقد ہونے والے انتخابات میں جے یو آئی (ف) نے 4 نشستیں، حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے (پی ٹی آئی) اور آزاد امیدواروں نے ہر تحصیل میں 3،3 نشستیں حاصل کیں جبکہ جماعت اسلامی (جے آئی) اور تحریک اصلاحات پاکستان (ٹی آئی پی) ایک، ایک نشست پر کامیابی حاصل کی۔

پی ٹی آئی کے امید وار عمر امین گنڈا پور میئر ڈیرہ سٹی کے انتخابات کے لیے ڈی آئی خان سے مستحکم پوزیشن پر ہیں جبکہ جے یو آئی (ف) کے حاجی سعید بچہ کھر تحصیل میں مستحکم پوزیشن پر ہیں۔ باجوڑ کی نواگائی تحصیل سے آزاد امید وار نجیب اللہ خان، بکاخیل تحصیل سے اے این پی کے امیداوار ولی اللہ اور بنوں کی ڈومیل تحصیل سے پی ٹی آئی کے امیدوار اسرار خان آگے ہیں۔

پشاور کے سٹی کونسل کے عہدے پر جے یو آئی کے امیدوار زبیر علی پہلے نمبر جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رضوان بنگش دوسرے نمبر پر ہیں۔ زبیر علی 19 دسمبر کو ہونے والی پولنگ میں بھی پہلے نمبر پر تھے تاہم 6 پولنگ اسٹیشن میں پُر تشدد واقعات کے بعد پولنگ روکتے ہوئے اتوار کو دوبارہ ووٹنگ کا حکم دیا گیا تھا۔

پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 65 تحصیل کونسلز میں سے 46 کے نتائج جاری کیے گئے تھے۔ نتائج کے مطابق جے یو آئی ایف نے 18، پی ٹی آئی نے 9 اور نیشنل پارٹی نے 6 نشستیں حاصل کی تھیں۔

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں17 اضلاع کے 66 تحصیل کونسلز میں سے 65 میں انتخابات منعقد ہوئے تھے جبکہ امیدوار کے انتقال کے باعث ایک تحصیل کونسل میں انتخابات ملتوی کردیے گئے تھے۔

گزشتہ روز ہونے والے انتخابات کے دوران صوبے کے 13 اضلاع کے 568 پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ اور ری پولنگ کی گئی۔ ڈیرہ اسمٰعیل خان کے سٹی کونسل کے میئر اور چارسدہ مردان، کوہاٹ، لکی مروت اور باجوڑ سمیت پانچ دیگر اضلاع کے متعدد دیہاتوں اور نیبر ہوڈ کونسل امیدواروں کے انتقال کے باعث انتخابات نہیں ہوسکے

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ بیان میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے صوبے کے مختلف اضلاع میں انتخابات کے دوران امن و امان کی صورتحال بر قرار رکھنے پر سیکیورٹی اہلکاروں اور پولنگ عملے کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے تمام حساس علاقوں میں پُر امن انداز میں پولنگ انعقاد کیا گیا۔

غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے  عمر امین گنڈا پور ڈی آئی خان  سٹی میئر منتخب ہوگئے،۔عمر امین گنڈا پور نے تریسٹھ ہزار سات سو ترپن ووٹ لیے۔جے یو آئی کے کفیل نظامی دوسرے نمبر پر رہے، انہوں نے جے یو آئی کے محمد کفیل احمد اڑتیس ہزار آٹھ سو اکانوے ووٹ لے سکے، پیپلزپارٹی کے فیصل کریم کنڈی تیسرے نمبر پر رہے۔

اْدھر تحصیل کونسل باڑہ کے 5 پولنگ سٹیشنوں کے مکمل غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کے بعد جے یو آئی کے مفتی کفیل کامیاب قرار پائے ہیں۔تحصیل کونسل نوشہرہ میں ری پولنگ کے دوران231 پولنگ اسٹیشنز میں وزیر دفاع پرویز خان خٹک کے فرزند پاکستان تحریک انصاف کے محمد اسحاق خان خٹک 49310 ووٹ لے کرپہلے نمبر پر، جمیعت علمائے اسلام ف کے حاکم علی خیل 41051 ووٹ لے کردوسرے نمبر، پاکستان پیپلز پارٹی کے احد خان خٹک 33409 ووٹوں کے ساتھ  تیسرے نمبر پر رہے۔