کراچی میں ڈاکوؤں کی کار پر فائرنگ سے صحافی جاں بحق

  • جمعہ 18 / فروری / 2022
  • 5050

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی کے قریب کار پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سما ٹی وی کے سینیئر پروڈیوسر اطہر متین جاں بحق ہوگئے۔

وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پولیس کی ابتدائی رپورٹ  کے مطابق واقعہ صبح ساڑھے 8 بجے پیش آیا۔ موٹر سائیکل سوار ڈاکو دوسرے موٹر سائیکل والے کو لوٹ رہے تھے کہ ایک کار سوار نے انہیں ٹکر ماری اور چلا گیا، اس کار کے پیچھے اطہر متین اپنی کار میں موجود تھے۔  ڈاکوؤں نے گرنے کے بعد گھبراہٹ میں اٹھ کر اطہر متین کی کار پر فائرنگ کردی۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ اطہر متین کو 3 گولیاں لگیں، ایک سر جبکہ 2 گولیاں سینے میں لگیں جس سے وہ موقع پر دم توڑ گئے۔ ایس ڈی پی او سید ظفر حسین رضوی نے بتایا ہے کہ آج صبح 9 بجے اطہر متین اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے کے بعد اپنی کار میں گھر واپس جا رہے تھے۔ جب وہ شاہ میڈیکل ہسپتال بلاک اے کے قریب پہنچے تو 2 نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے انہوں قتل کردیا اور فرار ہو گئے۔

ایس ڈی پی او کے مطابق مقتول کی عمر 40 سے 45 سال کے درمیان تھے اور وہ سما نیوز ٹی وی کے سینئر پروڈیوسر تھے۔ مقتول کی لاش عباسی اسپتال منتقل کردی گئی، واقعے کے محرکات کا تعین کیا جارہا ہے۔ تحقیقات کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔ مقتول اطہر متین معروف اینکر اور نیوزکاسٹر طارق متین کے بھائی تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں صحافی اطہر متین کے بہیمانہ قتل پر افسوس کا اظہار کرتےہوئے واقعے کی سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہرممکن کوشش کی جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سما ٹی وی کے سینئر پروڈیوسر اطہر متین کے مبینہ طور پر ڈکیتی کے دوران قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔ گورنر سندھ عمران اسمعیٰل نے بھی صحافی اطہر متین کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ملزمان کی گرفتاری کے لیئے فوری کاروائی کی ہدایت کی ہے۔