پشاور: تھانے پر دستی بم کے حملے میں 3 پولیس اہلکار زخمی
- ہفتہ 19 / فروری / 2022
- 3600
پشاور کے پولیس اسیٹشن پر نامعلوم شخص کی جانب سے دستی بم کے حملے کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ دستی بم کا حملہ علی الصبح پشاور کے تھانہ پھندو پر کیا گیا تھا جس میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ نامعلوم شخص نے تھانہ پھندو پر دستی بم پھینکے اور فرار ہوگیا۔
واقعے کے فوری بعد پولیس، بم ڈسپوزل یونٹ (بی ڈی یو) اور افسران جائے وقوعہ پر پہنچے، زخمی پولیس اہلکاروں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) منتقل کیا اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے۔
سی سی پی او پشاور عباس احسن کا کہنا ہے کہ نامعلوم ملزم نے تھانے پر 2 دستی بم پھینکے، جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، واقعے میں کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کے پولیس اسٹیشنز کے حوالے سے عمومی دھمکیاں موصول ہوئی تھی جس کے پیش نظر سیکیورٹی اقدامات اٹھائے گئے تھے، تاہم مذکورہ پولیس اسٹیشن کے حوالے سے خصوصی اطلاعات موصول نہیں ہوئی تھی۔
واقعے کے فوری بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا تھا اور واقعے میں ملوث ہونے کے شبہ میں سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ملزمان کی گرفتاری یقینی بنانے کے لیے عینی شاہدین سے تفتیش کی جارہی ہے جبکہ علاقے اور تھانے کے سی سی کیمرا کی فوٹیج موصول ہوچکی ہیں، جس میں واقع کے مناظر واضح دیکھے جاسکے ہیں۔