پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ پارٹی عہدے سے مستعفی ہوگئے
- ہفتہ 19 / فروری / 2022
- 3560
تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی کے سندھ چیپٹر میں تنظیم نو کے بعد اختلافات سامنے آنے پر سندھ اسمبلی کے قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ سمیت 2 سینیئر مستعفی ہوگئے ہیں۔
پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ انہوں نے 'ذاتی وجوہات اور مصروفیات' کی بنا پر پارٹی کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔ پارٹی کے سندھ چیپٹر میں حلیم عادل شیخ نے سینئر نائب صدر اور علی جونیجو نے نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔
رواں ہفتے کے آغاز میں پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری اسد عمر نے 17 اراکین پر مشتمل صوبائی تنظیم بنانے کا اعلان کیا تھا تاکہ 26 فروری کو گھوٹکی سے کراچی مارچ سے قبل پارٹی سرگرمیوں کو فعال کیا جاسکے، اس کی قیادت پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حالانکہ صوبائی تنظیم بنانے کے فیصلے نے بہت سے لوگوں کو متاثر نہیں کیا مگر اس پر سب سے پہلے حلیم عادل شیخ نے رد عمل کا اظہار کیا ہے، جنہیں سندھ چیپٹر سے پارٹی کے نائب صدر کے عہدے سے برطرف کردیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے مطابق علی پلھ کو ایڈیشنل جنرل سیکریٹری اور ارسلان تاج کو پارٹی کا صوبائی سیکریٹری اطلاعات مقرر کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی محمود مولوی کا تقرر کراچی کے لیے پارٹی کے سینئر نائب صدر کے طور پر کیا گیا، علاوہ ایم پی اے سعید آفریدی اور ایم این اے اکرم چیمہ کو بھی اس عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔
دریں اثناء پی ٹی آئی سندھ کے صدر اور بحری امور کے وزیر علی زیدی نے اپوزیشن لیڈر شیخ سے اختلافات کی تردید کی۔ حیدرآباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے وزیراعظم عمران خان نے نامزد کیا ہے۔ اگر وہ مجھے وزیر کا عہدہ چھوڑنے کے لیے کہیں تو میں بلا تاخیر چلا جاؤں گا۔